• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل ڈی اے ریکارڈ جلنے کے معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی( ایل ڈی اے) کا ریکارڈ جلنے کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم( جے آئی ٹی ) بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ ہائوس لاہور میں پنجاب کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم کی زیرصدارت شروع ہوا ،جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ، صوبائی وزراء، وزیر اطلاعات فواد چوہدری ، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو حکومت پنجاب کی اب تک کی کارکردگی پر بریفنگ دی جس پر عمران خان نے وزراء کو عوامی خدمت پر فوکس کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم عمران  خان نے حکومت پنجاب کو ایل ڈی اے کا ریکارڈ جلنے کے واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ پتہ چلایا جائے کہ کس نوعیت کے ریکارڈ جلے اور کیوں ہر چند ماہ بعد ایسے واقعات ہوجاتے ہیں ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام پر بھی بریفننگ دی گئی جس پر عمران خان نےپنجاب حکومت کو لوکل باڈی سسٹم کو حتمی شکل دینے کے لئے 2 دن کی ڈیڈ لائن دے دی ہے اور کہا کہ بلدیاتی نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کو توڑنا ہے،مقامی حکومتوں کا ایسا نظام لایا جائے گا جس سے عوامی نمائندوں کو بلیک میل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کاموثراحتساب کریں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح پرمنتقلی اورلوکل باڈیزنظام سے نئی قیادت کو اوپرآنےمیں مدد ملے گی ، ماضی میں پارلیمنٹرینز کی توجہ قانون سازی پر کم اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی،ایسانظام دیںگےکہ بلدیاتی نمائندے اپنی پوری توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔


تازہ ترین