• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی اسکولوں میں سندھی بحیثیت مضمون پڑھانے کی ہدایت، خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ اور سیکریٹر ی اسکول ایجوکیشن کی ہدایات پر تمام نجی اسکولوں میں سندھی بحیثیت مضمون پڑھانے اور اسکی تعلیم کیلئے تربیت یافتہ ٹیچر رکھنے کا حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنر ل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو خط لکھا ہے جس میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام نجی تعلیمی ادارے سندھی زبان کو باقاعدہ ایک مضمون کی حیثیت سے پڑھائیں اور اس کیلئے تربیت یافتہ سندھی زبان کے اساتذہ تعینات کریں ۔اسکولوں کی رجسٹریشن کی شق میں سندھی زبان کی تعلیم کو لازم قرار دیا گیا ہے لہذا تمام سیکنڈری اور او لیول کے اسکولز کی انتظامیہ کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں سندھی زبان کی تعلیم کو یقینی بنائیں۔ ڈائریکٹریٹ جنر ل پرائیویٹ انسٹیٹیوشن کی معائنہ ٹیمیں فوری طور پر نجی تعلیمی اداروں کا دورہ شروع کر رہی ہیں اور دورے کے دوران سندھی اردو کی تعلیم ، مستحق طلبہ و طالبات کو 10فیصد فری شپ کی سہولیات کا جائزہ لیں گی اور جن اداروں میں یہ سہولیات میسر نہیں ہوں گی ایسے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ دریں اثناءڈائریکٹر جنر ل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے بعد بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بھی تمام نجی تعلیمی اداروں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں تمام اسکول مالکان اور والدین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول چھوڑیں تو یقین دہانی کر لیں کہ انکے بچے اسکول کی حدود کے اندر داخل ہوگئے ہیں اسی طرح اسکول کی انتظامیہ چھٹی کے وقت بچوں کو والدین کے اور وین ڈرائیور ز کے حوالے کریں اور اس سلسلے میں ذمہ دار افراد کو اسکول کے گیٹ کے باہر متعین کیا جائے تاکہ بچے محفوظ طریقے سے اپنے اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔

تازہ ترین