• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، سیپکوکا بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف آپریشن، لوگوں نے ڈائریکٹ کنکشنز منقطع کرلئے

سکھر(بیورو رپورٹ)سیپکو انتظامیہ کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف آپریشن شروع کردیا گیا۔ شہرکے اہم ترین کاروباری مرکز صرافہ بازار میں سیپکو افسران و عملے کی ٹیم نے ایک پلازہ پر چھاپہ مارکر بجلی چوری پکڑ لی، 4منزلہ عمارت میں 8فلیٹس، 12ایئر کنڈیشنڈ اور لفٹ چوری کی بجلی سے چل رہے تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو سعید احمد ڈاوچ کی ہدایت پر سکھر، لاڑکانہ اور دادو سرکل میں سیپکو کے افسران کی جانب سے بجلی چوری روکنے، بقایا جات کی وصولی کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، مختلف اضلاع میں بجلی چوروں او نادہندگان کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ سکھر شہر کے اہم ترین کاروباری مرکز صرافہ بازار میں بجلی چوری کی اطلاع پر ایکسیئن سکھر منظور احمد سومرو کی سربراہی میں ٹیم نے چھاپہ مارا، جہاں پر واقع پلازہ میں بجلی چوری کی جارہی تھی، سیپکو کی ٹیم نے پہنچ کر باریک بینی سے تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسیئن سکھر منظور احمد سومرو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 4منزلہ عمارت میں 8فلیٹس میں رہائش پذیر لوگ غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال کررہے ہیں جبکہ پلازہ میں 12ایئرکنڈیشنڈ اور لفٹ بھی چوری کی بجلی سے چلائی جارہی ہے۔ اطلاع ملنے پر سیپکو کی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے یہاں پہنچ کر کارروائی کی تو واقعی بجلی چوری کی جارہی تھی۔ سیپکو چیف کی ہدایت پر بجلی چوروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور براہ راست بجلی چوری کرنیوالوں کے کنکشن منقطع کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائیگی، بجلی چوری کرانے میں اگر سیپکو کے افسران یا اہلکار بھی ملوث پائے گئے تو ان کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائینگے۔ دوسری جانب سیپکو انتظامیہ کی جانب سے اچانک صرافہ بازار میں کارروائی کرکے بجلی چوری پکڑے جانے کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور براہ راست بجلی کے کنکشن چلانے والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت براہ راست چلنے والے بجلی کے کنکشن منقطع کرلئے تاکہ کسی بھی قسم کی کارروائی سے بچا جاسکے۔
تازہ ترین