• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمگلنگ شدہ گٹکے سے بھرے ٹرک کا مختلف اداروں کی جانب سے نوٹس

میرپورخاص(نامہ نگار) پاک،افغان سرحدی شہر چمن سے اسمگلنگ شدہ بھارتی گٹکا سے بھرا ٹرک متعدد پولیس چوکیوں سے گزرتے ہو ئے میرپورخاص پہنچنے کا مختلف اداروں نے مبینہ طور پر نوٹس لے لیا ہے،جبکہ پولیس نے دوملزمان کامقامی عدالت سے ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ ضلعی پولیس کے مطابق ایس ایس پی عابد علی بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ضلع کو گٹکا اور منشیات سے پاک کرنے کیجاری مہم کے سلسلہ میں خفیہ اطلاع پر پولیس کی ایک پارٹی نے میرپورخاص،میرواہ روڈ پر گوٹھ مکھن سموں کے قریب ایک ٹرک پر چھاپہ مار کر دو کروڑ روپے مالیت کاکٹوں میں رکھا بھارتی اسمگلنگ شدہ گٹکا سفینہ برآمد کرکےٹرک ڈرائیور محمد عیسی اچکزئی اور کلینرحیات اللہ اچکزئی کو گرفتار کرلیا۔کٹوں پر گلے سڑے سیبوں سے بھری پیٹیاں رکھی ہوئی تھیں.پولیس نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتی اسمگلنگ شدہ گٹکا بلوچستان کے علاقے چمن سے میرپورخاص ضلع کے جھڈو شہر لایا جارہا تھا،ٹرک کے آگے ایک پائلیٹکار بھی چل رہی تھی جس میں تین نامعلوم ملزمان سوار تھے، جو موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی ہے،ایس ایس پی نے بروقت موقع پر پہنچ کر معلومات حاصل کیں ۔دوسری جانب عوامی حلقوں کی جانب سے پاک،افغان سرحدی شہر چمن سے راستہ میں سخت سیکورٹی اور متعدد پولیس چوکیوں کے باوجود بھارتی گٹکے سے بھرے ٹرک کا طویل سفر کرکے میرپورخاص تک اطمینان سے پہنچنے پر سخت تشویش اور حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ادہر معلوم ہوا ہے کہ اسمگلنگ شدہ بھارتی گٹکا سے بھرے ٹرک کا میرپورخاص تک باآسانی پہنچنے کا پولیس کے اعلیٰ حکام کے علاوہ بعض دیگر اداروں نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔
تازہ ترین