• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ایل او سی پر حملوں کے سوا کچھ نہیں کرسکتا ،شیریں مزاری

کراچی(جنگ نیوز)وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہندوستان کا دھمکی آمیز رویہ اس کی کمزوری عیاں کررہا ہے، ہندوستان ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر حملوں کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتا ،پاکستان ، افغانستان اور ایران میں داعش کی موجودگی بڑھتی جارہی ہے، وزیراعظم نے دورئہ سعودی عرب میں عرب و عجم تنازع پر پاکستان کی پوزیشن واضح کردی ہے،انقلاب کے بعد ایرانی آرمی چیف کا پہلی دفعہ پاکستان آنا بڑی پیشرفت ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ایٹمی سائنسدا ن ڈاکٹر ثمر مند مبارک بھی شریک تھے جبکہ گلوکار جواد احمد ،اداکارہ جیا علی اور اداکار احسن خان سے بھی گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر ثمر مبارک مندنے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھارتی وزیراعظم اور آرمی چیف کیخلاف جنگی جرائم کی قرارداد پیش کرنی چاہئے، نریندر مودی پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کر کے ہندوستان میں ووٹ لینا چاہتے ہیں ، پاک انڈیا ایٹمی جنگ ہوئی تو چند لمحات میں لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔گلوکار جواد احمد نے کہا کہ شعیب ملک کے اچھے کھیل پر انڈین بھی خوش ہوں گے کیونکہ ان کا انڈیا سے بھی تعلق بنتا ہے، بھارت کی طرف سے نہایت غیر ذمہ دارانہ بیانات آئے لیکن عمران خان نے بھی ذمہ دارانہ بیان نہیں دیا۔اداکارہ جیا علی نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ کو کھیل کے طور پر ہی لینا چاہئے، پاکستان کو بھارت کے غیرمناسب رویئے کے باوجود پہلے مذاکرات کی طرف جانا چاہئے، انڈیا سے جیتنے کی سب سے زیادہ خوشی ہوتی ہے۔اداکار احسن خان نے کہا کہ پاکستان کھیل میں بے شک ہار جائے مگر ہمارا جذبہ کبھی نہیں ہار سکتا، پاکستان کرکٹ ٹیم تو معجزوں کی طرح ہارا ہوا میچ بھی جیت جاتی ہے۔وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے عملی طور پر جنگ کا اعلان کردیا ہے، ہندوستان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر حملوں کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتا ،ہندوستان کا دھمکی آمیز رویہ اس کی کمزوری عیاں کررہا ہے، ہندوستان نے وزیراعظم عمران خان کی تین دفعہ امن کی پیشکش کے جواب میں ان کی ذات پر حملہ کیا، پاکستان نے بھارتی کے غیرسفارتی رویہ پر تحمل کا مظاہرہ کیا، بھارتی وزیردفاع نے پاکستانی فوجیوں کے سر کاٹنے پر فخر کا اظہار کیا یہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کو اس پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کے بجائے آفیشل ردعمل دیناچاہئے،پاکستان کو جنرل اسمبلی میں بہت مضبوط موقف اختیار کرنا چاہئے۔ شیریں مزاری کاکہنا تھا کہ افغان سرزمین کے ذریعہ پاکستان میں بھارتی دہشتگر دی پر ہمیں افغانستان اور امریکا سے واضح بات کرنا ہوگی ، پاکستان ، افغانستان اور ایران میں داعش کی موجودگی بڑھتی جارہی ہے، شام سے داعش کے جنگجو نکل کر ہمار ے خطے میں آرہے ہیں، انقلاب کے بعد ایرانی آرمی چیف کا پہلی دفعہ پاکستان آنا بڑی پیشرفت ہے، وزیر اعظم نے دورئہ سعودی عرب میں عرب و عجم تنازع پر پاکستان کی پوزیشن واضح کردی ہے، عمران خان نے یمن جنگ میں فریق بننے کی نہیں سعودی سرزمین کے دفاع کا عزم کیا ہے، پاکستان مسلمانوں کی آپس کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا،ہندوستان کے علاوہ افغان بارڈر پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مند مبارک نے کہا کہ انڈیا پاکستان تعلقات کے تناظر میں دونوں جوہری ملکوں کے حکمرانوں سے ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے، پاک انڈیا ایٹمی جنگ ہوئی تو چند لمحات میں لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں، انڈیا پاکستان پر ایٹم بم گرا کر اس کے اثرات سے خود بھی محفوظ نہیں رہے گا،تابکاری ہوا کے ذریعہ نہ صرف انڈیا بلکہ بنگلہ دیش تک پھیل سکتی ہے، بھارت کے کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کے جواب میں پاکستان نے موثر ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار بنائے، ایک ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار صرف چھ سات انچ ڈایامیٹر کا ہوتا ہے، اتنے چھوٹے نیوکلیئر بم بنانا ہمارے سائنسدانوں کی بڑی کامیابی ہے، بھار ت کی چالیس ڈویژن فوج کے جواب میں ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار بنائے ہیں۔ ڈاکٹر ثمرمند مبارک کا کہنا تھا کہ بھارت میں کس طرح کے ذہن ہیں جو جنگ کی بات کررہے ہیں، بھار ت نے ایک سپاہی کے مرنے پر وہ مذاکرات منسوخ کردیئے جس پر برصغیر کا امن کا انحصار تھا، بھارتی فوج روزانہ درجنوں کشمیریوں کو ہلاک اور اندھا کردیتی ہے، پاکستان کو اقوام متحدہ میں بھارتی وزیراعظم اور آرمی چیف کیخلاف جنگی جرائم کی قرارداد پیش کرنی چاہئے، نریندر مودی پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کر کے ہندوستان میں ووٹ لینا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر ثمرمند مبارک نے کہا کہ دنیا جب ایٹمی تنازع کا سوچے گی تو انڈیا کو اپنا بچہ جمہورا یا پاکستان کو مخالف نہیں سمجھے گی، ایٹمی جنگ ہوئی تو اس کے اثرات صرف برصغیر تک محدود نہیں رہیں گے، پاکستان کا شاہین تھری میزائل 2600کلومیٹر دور انڈ یما ن جزائر کو بھی دس سے گیارہ منٹ میں تباہ کرسکتا ہے، انڈیا دعوے بہت کرتا ہے لیکن ان کے میزائلز نے کبھی ٹارگٹ کو مکمل درستی سے ہٹ نہیں کیا، پاکستان کے ایٹمی ہتھیار محفوظ جگہوں اورہاتھوں میں ہیں، ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیا میں بہترین مانا جاتا ہے۔

تازہ ترین