• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرستان میں شہید افسر اور جوانوں کی نماز جنازہ،آرمی چیف کی شرکت

راولپنڈی،مری(نمائندہ جنگ) ہفتے کو شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے شہیدہونے والے افسر سمیت جوانوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ راولپنڈی گیریژن میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔کیپٹن جنید مری میں سپرد خاک کردئے گئے،آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتوں کو ان کےآبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا ہے جہاں شہداء کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ہوگی۔شہید ہونے والےکیپٹن جنید شہید کا تعلق تحصیل مری سے تھا اور وہ غیرشادی شدہ تھے۔ سپاہی سمیع اللہ شہید اور سپاہی انور جان شہید بھی غیرشادی شدہ تھے جب کہ سپاہی سمیع اللہ شہید کا تعلق ضلع ہنزہ اور سپاہی انور جان شہید کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔استور سے تعلق رکھنے والے حوالدار عبدالرزاق شہید کے پسماندگان میں بیوی 6 بچے شامل ہیں جبکہ گلگت کے حوالدار امیر شہید نے پسماندگان میں بیوی، 2 بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔چلاس ضلع دیامر کے حوالدار نصیر شہید کے پسماندگان میں بیوی اور والدہ شامل ہیں جبکہ حوالدار آصف شہید نے بیوی، والدین اور 8 بہن بھائیوں کو سوگوار چھوڑا ہے اور ان کا تعلق خانیوال سے تھا۔دریں اثناءشہید کیپٹن جنید کا تعلق مری کے علاقہ سہربگلہ سے تھا۔ کیپٹن جنید کو کمیشنڈ آفیسر بنے ہوئے دو سال مکمل ہوئے تھے ۔ چھ بہن بھائیوں وہ سب سے چھوٹے تھے ۔ شہیدکیپٹن جنیدکو انکے بھائی کے مطابق اتوار کے دن شام چار بجے پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انکے آبائی علاقہ یونین کونسل سہربگلہ مری میں سپرد خاک کردیا گیا ان کی نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران،فوجی جوانوں ،مذہبی،سیاسی ،سماجی،کاروباری شخصیات ،اہل علاقہ اور عزیز اقارب نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ 
تازہ ترین