• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل و ڈینٹل کالجز داخلے، راولپنڈی سمیت13شہروں میں انٹری ٹیسٹ

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے گزشتہ روز راولپنڈی سمیت13شہروں میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، انٹری ٹیسٹ کا انعقاد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیرِ انتظام کیا گیا اور صوبہ بھر میں تقریباً 66ہزار کے لگ بھگ طلباء و طالبات نے حصہ لیا جس میں تقریباً 25 ہزار طلباء اور 41 ہزار طالبات شامل ہیں _ پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کا انٹری ٹیسٹ یا MDCAT(ایم ڈی سی اے ٹی) پاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا امتحان مانا جاتا ہے جس میں ایک وقت میں اتنی بڑی تعداد میں طلبہ پروفیشنل کالجز میں داخلے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں، اس سال یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی جانب سے اس مقصد کے لیے 13 شہروں میں لگ بھگ 28 امتحانی مراکز قائم کئے گئے جن میں طلبہ اور والدین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مراکز رہنمائی بھی قائم کے گئے _ امتحان کے تمام مراحل و انتظامات کی نگرانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے خود کی ،راولپنڈی میں اس سلسلے میں امتحانی مراکز کا قیام صدیق پبلک سکول، جناح انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کامرس، گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز سکستھ روڈ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ومن سکستھ روڈ اور آئیڈیل کیمبرج سکول سکستھ روڈ میں کیا گیا جس میں مجموعی طور پر 7874 طلباء و طالبات شریک ہوئے _ راولپنڈی اور حسن ابدال کے سینٹرز کے انتظامات کی ذمہ داری راولپنڈی میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے ریجنل کوارڈینیٹرباسِل سجاد اور یونیورسٹی کے ڈپٹی کنٹرولر آف ایگزامینیشنز فاروق ملک کو سونپی گئی تھی جبکہ صوبہ کے تمام مراکز کی سینٹرل کوآرڈینیشن کی ذمہ داری ڈائریکٹر یو ایچ ایس اعجاز حسین نے کی، راولپنڈی کے مراکز میں اعلیٰ پائے کے انتظامات دیکھنے میں آئے ،اس سال یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی جانب سے امتحان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک قابل ذکر اقدام دیکھنے میں آیا جس کے تحت تمام طلبہ کو امتحان کے بعد اپنے حل شدہ پرچہ کی کاپی کے ساتھ سوالنامہ کی کاپی بھی ساتھ لے جانے کی اجازت دی گئ، طلبہ اور والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہت احسن اقدام ہے کیونکہ اس کی وجہ سے طلبہ اپنے نتائج کے بارے میں پوری طرح آگاہ ہوجائیں گے اور کسی قسم کے شکوک و شبہات باقی نہ رہیں گے، _ راولپنڈی میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر کو بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے خصوصی طور پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مدعو کیا گیا تھا ۔
تازہ ترین