• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملے کا جواب،روس کاشام کو دفاعی میزائل نظام دینے کا اعلان

ماسکو ( جنگ نیوز ) روس نے شام کو ایس 300 طرز کے دفاعی میزائل نظام فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان شام میں روسی طیارے کو مار گرائے جانے کے بعد کیا گیا ہے جس کا الزام ماسکو نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔ سسٹم 250 کلومیٹر سے زیادہ دوری پر موجود کسی بھی طیارے کو نشانہ بنانے اور فضا میں ایک ہی وقت میں کئی اہداف پر حملے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فورسز کو نشانہ بنانے والے طیاروں کے سیٹلائٹ اور ریڈار سگنل بھی بند کر دئیے جا ئیں گے ۔ دفاعی وزیر سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ یہ جدید ترین دفاعی میزائل سسٹم 2 ہفتوں کے اندر شام پہنچا دیے جائیں گے ۔روس کی جانب سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے ، جب چند روز قبل روس نے اپنے ایک فوجی طیارے ایل 20 کی تباہی کا الزام براہ راست اسرائیل پر عائد کیا تھا ۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق وہ ان طیاروں کے سیٹلائٹ اور ریڈار سگنل بھی بند کرنا شروع کر دے گا ، جو شامی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گی ۔ اس سلسلے میں الیکٹرومیگنیٹک انٹرفئیرنس کا استعمال کر کے مصنوعی سیاروں اور ڈرون جاسوس طیاروں کو معطل کیا جائے گا ۔ شوئیگو نے واضح کیا کہ اس سے قبل یہ جدید سسٹم اسرائیلی تحفظات کی وجہ سے شام کے حوالے نہیں کیا گیا تھا ۔ روسی میڈیا کے مطابق شوئیگو نے ایک بار پھر اسرائیل کو روسی طیارے کے گرائے جانے کا ذمّے دار ٹھہرایا ہے ۔میڈیا کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ میزائل سسٹم کی حوالگی اسرائیل کے لیے ایک پیغام ہو گا ۔ یہ بھی اہم ہے کہ اسرائیل کا وفد اس موضوع کے حوالے سے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ماسکو کا دورہ بھی کر چکا ہے ۔ روسی فوجی طیارے کے اس حادثے میں 15اہلکار ہلاک ہو گئے تھے ۔ وزیر دفاع شوئیگو نے زور دے کر بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شام پر فضائی حملوں سے صرف ایک منٹ قبل ہاٹ لائن کے ذریعے روس کو اپنے ارادے سے آگاہ کیا تھا ۔ دوسری جانب روسی فوجی ترجمان نے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے نتائج پیش کیے ۔ اس رپورٹ کے مطابق مذکورہ طیارہ 17 ستمبر کو غلطی سے شام کے فضائی دفاعی سسٹم کے میزائل کا نشانہ بنا تھا ۔ روس نے اسرائیلی ہوابازوں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے روسی فوجی طیارے کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا تھا ۔ اس امر نے شامی فضائی دفاعی سسٹم S-200 کو مجبور کر دیا کہ وہ ہدف کے طور پر روسی طیارے کے راستے میں رخنہ ڈالے۔

تازہ ترین