وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے، اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق رپورٹ حقائق پر مبنی ہے اور بھارت کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ناقابل بیان مظالم ڈھا رہا ہے۔
'اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود شاہ محمود قریشی نےاو آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےآگاہ کیا ،ساتھ ہی انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیااور کہا کہ بھارت کچھ نہیں چھپا رہا تو انکوائری کمیشن بنانے کیلئے ہماری حمایت کرے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سے معاملات بگاڑنے کے لیے محض دو جملے چاہئیں لیکن وہ صورتحال کو مزید خراب نہیں کرنا چاہتے، ہم امن کے داعی ہیں اور بہتری چاہتے ہیں۔