دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ، بلاشبہ یہ بالی ووڈ کی سب سے رومانوی جوڑی ہے۔ وہ جہاں جاتے ہیں، ایک دوسرے کے لیے ان کا پیار ان کے چہروں اور جذبات میں عیاں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کی اس سب سے رومانوی جوڑی کے چرچے فلمی حلقوں سمیت اخبارات، ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا میں ہر جانب ہیں۔ لوگ انھیں پیار سے DeepVeer بھی کہہ کر پُکارتے ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنویر سنگھ کے رشتے کی خبریں گزشتہ 5سال سے میڈیا میں سامنے آرہی ہیں، تاہم حالیہ رپورٹس کے مطابق رنویر اور دپیکا رواں سال نومبر میں شادی کر لیںگے۔ تاریخ ہے 12نومبر اور مقام ہے شمالی اٹلی کا خوبصورت ساحلی علاقہ لیک کومو(Lake Como)۔
دپیکا اور رنویر، دونوں نے ہی اپنی شادی کو انتہائی خفیہ رکھا ہوا ہے، شادی کی تقریب میں اس جوڑے کے چند قریبی دوست اور خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔ شادی کی خبر کو خفیہ رکھنے کے لیے دعوت نامے تک نہیں چھپوائے گئے کیونکہ یہ خدشہ بہرحال رہتا ہےکہ پرنٹنگ پریس سے دعوت نامے میڈیا میں لیک نہ ہوجائیں۔ اس مسئلے کا حل انھوں نے ای میل کی صورت میں نکالا ہے اور مدعو کیے گئے چیدہ چیدہ لوگوں کو ای میل کے ذریعے دعوت نامہ بھجوادیا گیا ہے۔ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیے گئے مہمانوں کو کچھ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ موبائل فون نہ لے کر آئیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی مرضی کے بغیر ان کے فوٹوگراف یا ویڈیو میڈیا میں آئے۔
شادی کو خفیہ رکھنے کے پیچھے دو وجوہات ہیں۔ ایک ظاہری وجہ تو یہ ہے کہ دپیکا اور رنویر اپنی شادی کو زیادہ سے زیادہ نجی تقریب رکھنا چاہتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ کو انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری وجہ دپیکا ہے، جن کا خیال ہے کہ وہ اپنی شادی سے متعلق لب کشائی نہیں کریں گی اور نہ ہی کسی اور کو ایسا کرنے کی اجازت دیں گی کیونکہ دپیکا کا خیال ہے کہ انھوں نے ماضی میں جب کبھی اپنے رشتے پر لب کشائی کی، اس کا انجام اچھا نہیں ہوا۔ اس حوالے سے وہ رنبیر کپور کے ساتھ اپنے تعلق کے تجربے کو ابھی تک نہیں بھلا پائیں، جس پر دپیکا کو بہت ناز تھا اور وہ ہر جگہ اس پر بات کرتے نہیں تھکتی تھیں۔
مہمانوں کی فہرست
مہمانوں کی فہرست میں دپیکا اور رنویر کے قریبی خاندان کے افراد اور دوست شامل ہیں۔ اس فہرست میں دو نام ہالی ووڈ کے بھی شامل ہیں، اور وہ ہیں میڈونا اور ایلٹن جان۔
بالی ووڈ سے کون شریک ہوگا؟
ابتدائی اطلاعات یہ تھیں کہ شادی کی تقریب میں بالی ووڈ سے کسی کو بھی مدعو نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اب کہا جارہا ہے کہ شادی کی اس تقریب میں بالی ووڈ سے کم از کم دو اسٹارز کی شرکت یقینی ہے اور وہ نام ہیں شاہ رُخ خان اور ارجن کپور۔ شاہ رخ خان کو دپیکا پڈوکون کا بہت قریبی دوست تصور کیا جاتا ہے۔ دپیکا نے بالی ووڈ میں انٹری بھی شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے ذریعے دی تھی اور اس فلم نے راتوں رات دپیکا کو سپر اسٹار بنا دیا تھا۔ اس کے بعد یہ جوڑی دو مزید فلموں ’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’چنئی ایکسپریس‘ میں کام کرچکی ہے اور یہ دونوں فلمیںبھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھیں۔ دوسری جانب، رنویر اور ارجن کپور کی دوستی فلم ’غنڈے‘ کے زمانے سے ہی مضبوط جارہی ہے۔شاید یہ اسٹارز ہمیں اپنے قریبی دوستوں کی شادی کی تقریب میں ناچتے گاتے بھی نظر آئیں۔
دوستی کا آغاز
کہتے ہیں کہ جوڑیاں آسمانوں پر بنتی ہیں۔ دپیکا اور رنویر نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ فلم ’رام لیلیٰ‘ (2013ء)کے سیٹ پرپہلی بار ہونے والی ان کی ملاقات(اس فلم کے لیے فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی نے ان دونوں کو سائن کیا تھا)، جلد ہی پیار میں بدل جائے گی۔ فلم کی شاندار کامیابی میں جہاں جاندار کہانی اور ڈائریکشن کا کردار تھا، وہاں رنویر اور دپیکا کی آن اسکرین کیمسٹری کو بھی زبردست سراہا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ سنجے بھنسالی اس کے بعد رنویر اور دپیکا کی جوڑی کے دیوانے ہی ہوگئے۔ سنجے کی اگلی دو فلموں ’باجی راؤ مستانی‘ اور حالیہ ماسٹر پیس ’پدماوت‘ میں بھی یہی دونوں ستارے نظر آئے۔ پانچ سال تک دپیکا اور رنویر کی دوستی اب بالآخر شادی کے رشتے میں بدلنے والی ہے۔
’پدماوت‘ کے بعد دپیکا پڈوکون نے اب تک کوئی بھی نئی فلم سائن نہیںکی ہے کیونکہ وہ اپنی شادی کو خوب انجوائے کرنا چاہتی ہیں۔ اس طرح رنویر سنگھ نے بھی اپنے مصروف فلمی شیڈول کے باوجود، نومبر میں خود کو بالکل فری رکھا ہوا ہے اور یوں اس مہینے میں رنویر کی ڈائری بالکل خالی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ نومبر کی ان تاریخوں میں رنویر کی مصروفیات کیا رہیں گی، تاہم اس سلسلے میں رنویر اور دپیکا کے قریبی دوست کرن جوہر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ دپیکا اور رنویر کی شادی کا ’انکار‘ کریں گے یا ’اقرار‘؟ تو کرن جوہر کا جواب تھا، ’’میں ’انکار‘۔۔ نہیں کروںگا‘‘۔ کرن نے نہ چاہتے ہوئے بھی سب کچھ بتا دیا۔