• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنت جیسی پرسکون دنیا کا حصول، انسان کا دیرینہ خواب رہا ہے۔ تاریخ میں مذکور ہے کہ ایسی ہی ایک جنت شداد بن عادنے ’’ارم‘‘ کے نام سے بنوائی تھی لیکن اسےاس کا دیدار نصیب نہ ہوا۔ تاہم پر آسائش مکانات کی تعمیر کے حوالے سے انسان کا یہ خواب آج بھی برقرار ہے،جہاں ہمیں ماضی میں مغل ادوار میں ہیرے اور جواہر سے جڑے محلات کے قصے ملتے ہیں، تو آج کے دور میں سونے سے سجے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پینٹ ہاؤس کے چرچے عام ہیں۔ اب اس خواب کی تعبیر ہر ایک کے بس کی بات تو نہیں لیکن دنیا میں ایسے کئی ہوٹلزموجود ہیں، جہاں صاحبانِ استطاعت ایک شب،ہفتہ یا ماہ ٹھہر کر لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ تو پھر کیوں نہ گھر بیٹھے ہم ان ہوٹلز کی آپ کو سیر کرائیں، جن کے بارے میں جان کر آپ کا بھی دل وہاں جانے کو ضرور للچائے گا۔

فور سیزنز ریزورٹ، تھائی لینڈ

شمالی تھائی لینڈ کے شہر چیانگ مائی کے Mae Rim-Samoeng روڈپر واقع اس آرام گاہ کی خوبصورتی دیکھنے والوں کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیتی ہے،جو چہار اطراف سبزے میں گھراایسا ریزورٹ ہے، جسے بیماروں کے لیے شفا گھر اور فطرت کے عاشقوں کے لیے جنت کدہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ یہاں تمام تر سہولیات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ یوگا کرنے اورعمدہ کھانوں کا بھی مزہ لیا جاسکتاہے۔ اس کے 98کمرے،64راہداریاں،12پول ولاز اور کرائے پر 22رہائشی مکانات ہیں۔900مربع فٹ پرپھیلے اس لگژری ہوٹل کا انٹیریئر ڈیزائن بینکاک کی فرم بننگ آرکیٹیکٹس نے بنایا جب کہ تھائی لینڈ کی قدیم لانا سلطنت کی طرز پر اسے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ریزورٹ بھارت،برما اور چین کی ثقافتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

لینس بورو، لندن

برطانوی دارالحکومت لندن جانا ہو اور ہائیڈ پارک میں رہائش کا ارادہ ہو، جہاں دل کی خوب بھڑاس نکالی جاسکتی ہے، تو بلاشبہ آپ کا اولین انتخاب فائیو اسٹار ہوٹل لینس بورو ہی ہوگا، جو ہائیڈ پارک کے کونے پر واقع ہے۔ نیو کلاسیکل طرزِ تعمیر پر بنے اس ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا شاندار انٹیریئر ڈیزائن اور طرزِ تعمیرکسی شاہی ہوٹل سے کم دکھائی نہیں دیتا۔ اس ہوٹل کے بیڈ رومز کی سجاوٹ کسی جنت سے کم نہیں۔ نیو کلاسیکل اسٹائل کے حوالے سے اسے شاہکار اور نفیس ترین ہوٹل کا درجہ حاصل ہے۔ تو بلاشبہ آپ کا اولین انتخاب فائیو اسٹار ہوٹل لینس بورو ہی ہوگا، جو ہائیڈ پارک کے کونے پر واقع ہے۔ ہائیڈ پارک وہ جگہ ہے جہاں پر آزادی سے حکومت کے خلاف تقریر کی جا سکتی ہے۔

سولی لُونا، پیرو

پیرو کی انڈیز پہاڑیوں میں گھری انکاؔ تہذیب کی مقدس وادی میںارو بمبا کے مقام پر واقع سولی لُونا( Sol y Luna) ریزورٹ کی موجودگی بذاتِ خود ایک مسحور کن تجربہ ہے۔ بالخصوص ان محققین اور ادیبوں کے لیے جوقدیم کولمبیا کے تہذیبی آثار اور اسپینی تہذیب کے خد و خال کی بازیافت کے لیے یہاں آنے کے خواہاں ہیں۔اس کا طرزِ تعمیر بھی جھونپڑی کے قدیم انداز میں رکھا گیا ہے لیکن جب آپ انٹیریئر ڈیزائن اور لوکیشن ملاحظہ کریں گے تو حیران ہوجائیں گے کہ اس خاموش وادی میں کیسی شاندار سہولتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بیرونی سادگی سے اس کی اندرونی زیبائش کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔فطرت کی آغوش میں موجود اس ہوٹل کو اپنی سادگی و جمالیات کے باعث جنت نظیر مانا جاتا ہے۔

کیٹکیز،یونان

مغرب پر یونان کا سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ اس نے مغرب کو فلسفہ و سائنس کی روشنی سے منور کیا۔ اس ملک کے جزیرے سینتورینی میں ایجین سمندر کے کنارے پر واقع آتش فشاں کالڈیرا پر قائم کیٹکیز لگژری ہوٹل اپنے کیوبک طرزِ تعمیر اور دودھیا سفید رنگت اور نیلے سمندر کے رومان پرور ماحول میں وقت گزارنے کے لیے بہترین ہوٹل ہے۔ سمندر کا نظارہ اور اس خطے کی خوبصورتی دیکھنے والوں کو، ایجین سمندر کا نیلا پانی عشق میں مبتلا کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہ ہوٹل سطحِ سمندر سے300فٹ بلنداوئیا گاؤں کی پہاڑی چوٹی پرسینتورینی کے مغربی کنارے پر مرکزی چوراہے سے قدم بھر کے فاصلے پر ہے۔اس کا خوب صورت آرکیٹیکچر رومانوی لوگوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین