لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس د یئے ہیں کہ پی ٹی آئی والوں نے بدمعاشی شروع کر دی،یہ لوگ بدمعاشوں کی پیروی کرکے نیا پاکستان بنانے چلے ہیں، کیا لوگوں نے اسلئے ووٹ دیئے تھے؟ مداخلت کر نیوالوں کو نہیں چھوڑوں گا، جھوٹ بولنے پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر اور بغیر بلائے پیش ہونےاور غیر مناسب رویے پر تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس بارا کو بھی نوٹس جاری کر دئیےگئے۔ جبکہ غنڈے کو چھڑانے کیلئے فون کرنے والے ایم این اے کو عدالت طلب کرلیا۔ رکن پنجاب اسمبلی ندیم عباس نے کہا کہ فائرنگ کیس میں غلطی ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ باہر بدمعاشی کرتے ہو اندر آکر رونا شروع کر د یا۔ عدالت عظمیٰ نے ملزم منشابم کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل کی سرزنش کی اور پولیس کو منشا بم کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے قبضہ گروپ منشا بم کی گرفتار ی اور قبضے سے متعلق محمود اشرف نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ یہ منشا بم کون ہے؟ اس پر پولیس نے بتایا کہ منشا بم جوہر ٹاؤن کا بہت بڑا قبضہ گروپ ہے اور ان کیخلاف 70 مقدمات درج ہیں، پولیس نے بتایا کہ منشابم اپنے بیٹوں کے ساتھ ملکر جوہر ٹاؤن میں زمینوں پر قبضے کرتا ہے۔عدالت کے حکم پر کارروائی کی تو سفارشیوں کے فون آنا شروع ہوگئے۔ چیف جسٹس نے ایس پی سے استفسار کیا کہ سفارش کیلئے کس کا فون آیا؟ جس پر ایس پی پولیس نے بتایا کہ منشا بم کی گرفتاری روکنے کی درخواست پی ٹی آئی کے ایم این اے ملک کرامت کھوکھر نے کی اس پر عدالت نے ملک کرامت کھو کھرکو عدالت طلب کیا، جس پر وہ عدالت پیش ہوئے، ساتھ ہی تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا بھی عدالت میں حاضر ہوئے۔