• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آج کا دستر خوان ’’انڈے کے پکوان‘‘

انڈے تقریباً ہر موسم میں رغبت سے استعمال کیے جاتے ہیں۔یہ پروٹین (لحمیات) کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں،تو ایک تحقیق کے مطابق، اگر روزانہ دو انڈوں کا باقاعدہ استعمال کیا جائے، تو بڑھاپےکا آغاز تاخیر سے ہوتا ہے۔ لیجیے ،آج اپنا دسترخوان غذائیت سے بَھرپور انڈوں ہی کے لوازمات سے سجائیے۔

انڈے، آلو کی بھجیا

اجزاء: انڈے چار عدد(توڑ کر پھینٹ لیں)،پیاز ایک عدد،ٹماٹر ایک عدد،آلو تین سے چار عدد،نمک حسبِ ذائقہ،سبز مرچ دو عدد(کُوٹ لیں)،لال مرچ ایک چائے کا چمچ اور تیل۔

ترکیب: پہلے پیاز، آلو اور ٹماٹر کے الگ الگ سلائسز کرکے رکھ دیں۔پھر کڑاہی میں تیل کڑکڑا کر پیاز سُنہری کرلیں۔اب اس میں ٹماٹر، آلو، آدھا کپ پانی اور دیگر اجزاء ڈال کر ڈھک دیں، تاکہ آلو اور ٹماٹر گل جائیں۔جب دونوں اشیاء گل جائیں،تو پانی خشک کرکے اس میں پھینٹے ہوئے انڈے شامل کرکے چمچ چلاتی رہیں، تاکہ تمام اجزاء اچھی طرح مِکس ہوجائیں۔ لیجیے، مزےدار بھیجا تیار ہے۔

انڈوں کا خاگینہ

اجزاء: انڈے تین عدد (اُبال لیں)، پیازتین عدد (کٹی ہوئی) ، ہری مرچ چار عدد (کُوٹ لیں)، سُرخ مرچ آدھا چائے کا چمچ،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،ہرا دھنیا آدھی گڈّی، ادرک باریک (کٹا ہوا) تھوڑا سا اور تیل آدھا کپ۔

ترکیب: انڈوں کو چھیل کر زردی اور سفیدی الگ کرکے صرف سفیدی کے موٹے موٹے ٹکڑے کرلیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز ڈال کر چمچ چلاتی رہیں، جب پیاز آدھی گَل جائے(گولڈن نہیں ہونی چاہیے)، تو اس میں سفیدی شامل کردیں۔چمچ مسلسل چلاتی رہیں۔ تقریباً ایک منٹ بعد اس میں زردی کے بھی چار یا پانچ ٹکڑے کرکے ڈال دیں اور ساتھ ہی دیگر اجزاء بھی شامل کردیں۔ چمچ چلاتی رہیں، جب تک کہ سب کچھ اچھی طرح مکس نہ ہوجائے۔ آخر میں ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر سَرو کریں۔

آملیٹ

اجزاء: انڈے چار عدد،پیاز درمیانی سائز کےتین عدد(باریک کاٹ لیں)،ٹماٹر ایک عدد، سبز مرچ چار عدد (باریک کاٹ لیں)،سیاہ مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: ایک باؤل میں انڈے توڑ کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ پھر فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور پیاز ڈال کر ہلکے براؤن کرلیں۔ اب براؤن پیاز انڈوں میں شامل کردیں اور ساتھ ہی ٹماٹر، نمک، سبز اور کالی مرچ شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب فرائنگ پین میں جو تیل تھا،اُسے تیز گرم کریں اور آمیزہ ڈال کر اچھی طرح پھیلادیں، جب آملیٹ ایک طرف سے گولڈن ہوجائے، تو آہستہ سے پلٹ کر دوسری طرف سے بھی گولڈن کرلیں۔

انڈوں کا حلوہ

اجزاء: انڈے چار عدد،سوجی ایک کپ، نمک حسبِ ذائقہ،چینی تین چوتھائی کپ،دودھ ایک چوتھائی کپ،چھوٹی الائچی تین سے چار عدد(کُوٹ لیں)،پستہ اور بادام حسبِ ضرورت اور گھی آدھا کپ۔

ترکیب: سب سے پہلے انڈے توڑ کر خوب پھینٹ لیں۔اب اس میں چینی اور دودھ بھی شامل کردیں اور اچھی طرح یک جان کرلیں،پھر نمک بھی مکس کردیں۔کڑاہی میں گھی گرم کریں اور سبز الائچی ڈال دیں،جب کڑکڑانے لگے،تو سوجی ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔پھر انڈوں کا آمیزہ ڈال کے،آنچ درمیانی کرکے تیزی سے چمچ چلائیں۔گھی اوپر آجائے ،تو حلوہ تیار ہے۔ پستہ،بادام سجا کر پیش کریں ۔

(قدوس فاطمہ،کراچی)

انڈا روسٹ

اجزا: انڈے پانچ عدد، پیازچار عدد، ہری مرچ دو عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ایک عدد،سُرخ مرچ ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ہلدی

آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا پسا ہوا آدھا چائے کا چمچ،کڑی پتا تین عدد،نمک حسبِ منشاء اور تیل۔

ترکیب: انڈے اُبال کر چھیل لیں۔کڑاہی میں تیل ڈال کر کڑکڑائیں۔پھر پیاز اور ہری مرچ شامل کرکے سُنہرا ہوجانے تک بُھون لیں۔اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر چند منٹ تک مزید بُھونیں۔ پھر ٹماٹر، نمک اور ہلدی بھی شامل کرکے یہاں تک بھونیں کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔اب سُرخ مرچ، دھنیا اور گرم مسالا شامل کردیں اور تقریباً

چار سے پانچ منٹ تک بُھونیں۔ آخر میں انڈے اور کڑی پتّا ڈال کے اچھی طرح پکالیں۔ مزے دار انڈا روسٹ تیار ہے، گرم گرم پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

(فائزہ جبیں، لاہور)

تازہ ترین
تازہ ترین