وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھارت کو شکست دینے کا نسخہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کو حقیقت میں شکست دینی ہے تو ریلوے کو مضبوط کرنا ہوگا۔
لاہور سے فیصل آباد کےلئے نان اسٹاپ ٹرین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کررکھاہے، جوپورا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے مسائل بہت شدید ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمیں ٹرینوں کے آلات بطور تحفہ دیں ،ٹرین میں 700 سے زائد مسافروں کو لے جانے کی گنجائش نہیں۔
انہوں نے ریلوے قلی کا پرانا یونیفارم بحال کرنے کا بھی اعلان کیا ،شیخ رشید کا کہناتھاکہ قوم ہمیں وقت دے، ہم قوم کےاعتماد پر پورا اترنےکی کوشش کریں گے، ٹرین مسافروں کی تعداد 5 کروڑ سے بڑھاکر 7 کروڑ تک لے جائیں گے۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ اکانومی کلاس کے کرایوں میں کمی کریں گے ،مال گاڑیوں کی تعداد 12 سے بڑھاکر 15 کی جائے گی ، ریلوے افسروں کے غیر ضروری تبادلے نہیں کریںگے۔
ان کا یہ بھی کہناتھاکہ ریلوے پر وزیراعظم عمران خان کو جلد بریفنگ دیں گے اور اہم فیصلے کئے جائیں گےجو پہلے ٹکٹ لے گا اس کو سستا اوربعد میں لینےوالے کو مہنگا ملے گا،دھند میں ٹرینیں چلانے کے لیے خصوصی آلات برآمد کریں گے۔