کراچی(جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ یہ واحد پولیٹیکل سیٹ اپ ہے جس میں تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں، رانا مشہود اداروں پر الزامات لگارہے ہیں ذاتی حیثیت میں بیان دیا تو پھرن لیگ ان کیخلاف ایکشن لے، اسحاق ڈار کی دبئی کی جائیداد ضبط کرلیں کل پاکستان میں ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت پرویز مشرف کو واپس لانے کیلئے اقداما ت کرے گی، وقت سے پہلے ریڈ وارنٹ ایشو کرنے چاہئیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کر رہے تھے۔ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ رانا مشہود کی گفتگو کو صحیح تناظر میں نہیں سمجھا گیا،ن لیگ کا موقف ہے کہ عوام کو ہی اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے، کئی ایسی تجاوزات گرائی جارہی ہیں جس کا قبضہ مافیا سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسحاق ڈار کو پاکستان واپس آنا چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ رانا مشہود جو باتیں کررہے ہیں وہ کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتیں ان کے بیان سے ن لیگ کو فائدہ کم نقصان زیادہ ہوا ہے اسحاق ڈار کو پاکستان واپس آنا چاہئے ۔بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کیخلاف ایکشن کا کریڈٹ سپریم کورٹ کے ساتھ حکومت کو بھی جاتا ہے، لاہور میں 325 ارب روپے سے زائد مالیت کی زمین پر قبضہ ہے۔فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور رانا مشہود ایک ادارے پر الزامات کی وضاحت دیں، دیکھنا ہوگا اب نواز شریف اور مریم نواز کی گھن گرج اور غصہ برقرار رہتا ہے یا نہیں رہتا، تحریک انصاف کی 45دن میں کارکردگی تسلی بخش رہی ہے، ہم نے امریکا کے ساتھ تعلقات بحال اور سی پیک میں سعودی عرب کو اسٹریٹجک پارٹنر بنایا ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے وعدوں پر عملدرآمد میں اتحاد ٹوٹتے ہیں تو ہمیں اس کا ڈر نہیں ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پرویز مشرف کو واپس لانے کیلئے اقداما ت کرے گی، وقت سے پہلے ریڈ وارنٹ ایشو کرنے چاہئیں ۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ رانا مشہود کی گفتگو کو صحیح تناظر میں نہیں سمجھا گیا ہے، ایسے الفاظ کا استعمال ہوسکتا ہے جس سے ڈیل کا تاثر پیدا ہو لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اکثریت دینے والے وہ انٹرسٹ گروپ ہیں جو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑتے ہیں رانا مشہود کا اشارہ بھی انہی کی طرف تھا، کئی ایسی تجاوزات گرائی جارہی ہیں جس کا قبضہ مافیا سے کوئی تعلق نہیں ہے بہت سی قبضہ شدہ زمین کے اسٹے آرڈرز چل رہے تھے، چیف جسٹس کے احکامات کی وجہ سے وہ اسٹے آرڈرز ختم ہوئے ہوں گے، چیف جسٹس کراچی میں سماعت رکھ لیں تو وہاں بھی قبضہ مافیا کا صفایا ہو جائے گا، اسحاق ڈار کو پاکستان واپس آنا چاہئے۔ناز بلوچ نے کہا کہ رانا مشہود جو باتیں کر رہے ہیں وہ کسی سیا ستدا ن کو زیب نہیں دیتی ہیں، جمہوریت پر یقین رکھنے والے امپا ئر کی انگلی یا اداروں کے ساتھ انڈراسٹینڈنگ ہونے کی باتیں نہیں کرتے ہیں، رانا مشہود کے بیان سے ن لیگ کو فائدہ کم نقصان زیادہ ہوا ہے، ن لیگ رانا مشہود کی باتوں کو مسترد کرتی ہے تو ان کیخلاف ایکشن لے، اسحاق ڈار کو پاکستان واپس آنا چاہئے، اسحاق ڈار کی دبئی کی جائیداد ضبط کرنا انہیں واپس لانے کا بہترین طریقہ ہے۔