بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس بہت جلد شادی کرنے والے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ آج کل بھارتی شہر جودھ پور میں موجود ہیں جہاں ان کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال اگست میں پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی روکا( منگنی) کی تقریب ہوئی جس کے بعد دونوں فنکاروں کی جانب سے اس بات کا حتمی اعلان کردیا گیا تھا کہ وہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
پچھلے دنوں بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پریانکا اور نک کی شادی امریکی ریاست ہوائی میں منعقد کی جائے گی تاہم اب یہ سننے میں آرہا ہے کہ یہ جوڑا آج کل بھارتی شہر جودھ پور میں موجود ہے جہاں وہ اپنی شادی کے لیے کسی خاص مقام میں تلاش میں مصروف ہیں، اور اسی حوالے سے انہیں جودھ پور کے کئی تاریخی مقامات کا دورہ کرتے دیکھا گیا ہے۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس کا کہنا ہے کہ وہ بے حد مصروفیت کے باوجود یہاں آئیں ہیںتا کہ شادی کی تقریب کے لیے کسی خاص مقام کا انتخاب کیا جاسکے اور اسی سلسلے میں انہوں نے’ عمید بھون پیلس اور مہران گڑھ فورٹ ‘کا دورہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کا اچانک بھارت آنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ وہ اپنی شادی کے لیے ’شُب مہورت‘ (نیک تاریخ) نکلوانے آئی ہیں جبکہ شادی کے لیے جو تاریخ طےپائی ہے اس پر ’عمید بھون پیلس‘ پہلے سے کسی نے بک کروا لیا ہےجس کے بعد انہوں نے جودھ پور کے ایک اور خوبصورت مقام ’ مہران گڑھ فورٹ‘ کا دورہ کیا ۔
پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی جانب سے ابھی تک اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ ان کی شادی کہاں ہوگی۔