کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت کو شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین نہ بنانے کا فوبیا ہوگیا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف ہی ہوں گے، شہباز شریف چیئرمین نہیں بنے تو اپوزیشن پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل نہیں ہو گی، تحریک انصاف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی پر بھی یوٹرن لے گی، رانا مشہود کے بیان سے ن لیگ کا کوئی تعلق نہیں ہے، ہیں،بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف اور مریم نواز بری طرح اپ سیٹ ہیں، جمہوریت کو پیک اپ کرنے کی خواہش رکھنے والوں کی خواہشات پر پانی پھیرنا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف،تحریک انصاف کے رہنما فیصل حیات اور پیپلز پارٹی کے رہنما بہرہ مند خان سے بھی گفتگو کی گئی۔فیصل حیات نے کہا کہ ڈی پی او پاکپتن کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر سرتسلیم خم کریں گے، یہ بات غلط ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب فائلیں نہیں پڑھ سکتے ۔