• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت عمرکی قید سے آزاد ہوتی ہےاور جو لوگ اس خوبصورت جذبے سےسرشار ہوتے ہیں، ان کے لیے عمر کا فرق معنی نہیں رکھتا۔ بالی ووڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑا اور نک جونس کاخوبصورت کپل بھی اسی فہرست میں شامل ہے۔ بالی ووڈ سے ہالی ووڈ تک اپنے حسن کے جلوے بکھیرنے والی 36سالہ اداکارہ پریانکاچوپڑا کی اپنے سے 10 سال چھوٹے ہالی ووڈ گلوکار نک جونس کے ساتھ جوڑی کے چرچے گزشتہ برس سے خاصے مقبول ہیں ۔ اس شاندارکپل کے ملن کی کہانی کچھ یوں ہیں۔

٭ان دونوں کو ایک ساتھ پہلی مرتبہ مئی 2017ء میں کانز کے ’میٹ گالا‘ پر جلوہ گر ہوتے دیکھا گیاتاہم اس کے بعد بھی ان کے رشتے سے متعلق کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ۔میٹ گالا کی تقریب کے بعدپریانکا چوپڑا نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بھی میٹ گالا تقریب میں شرکت اور نک سے اپنے رشتے کو خفیہ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’ نک جونس اور میں ایک دوسرے کو جانتے تھے، نک نے مجھے میٹ گالا پر ساتھ چلنے کی آفر کی، جو میں نے قبول کرلی‘‘۔

٭ ٹھیک ایک سال بعد امریکی رپورٹ نے انکشاف کیا کہ ہالی ووڈ گلوکارنک جونس اور ہالی ووڈ ، بالی ووڈ اداکارہ پریانکاچوپڑا کو اپنے قریبی فیملی فرینڈزکے ساتھ ویک اینڈمناتے ہوئے خاصا خوش اور پرجوش دیکھا گیا ۔

٭ اگلے ماہ جون میں نک جونس نے پریانکا چوپڑا کی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر پر ایموجی کامنٹ کیا، وہیں کچھ دنوں بعدپریانکا چوپڑا کی جانب سے نک کی تصاویر کو لائیک کیا گیا ۔

٭ ماہ جون 2018میں نک جونس اور پریانکا نیویارک ایئر پورٹ پر ایک بار پھر ساتھ دیکھے گئے اور اس رشتے کو تصدیق کی سند یہیں سے ملی۔ یہ کوئی عام تصویر نہیں تھی بلکہ اس تصویر نےان کے رشتے کے ہر راز سے پردہ اٹھادیا۔یہ وہ تصویر تھی جب نک پریانکاکی کزن کی شادی میں شرکت کے لیے ان کے ساتھ نیو جرسی جارہے تھے۔

٭ اسی ماہ شادی میں شرکت کے بعد یہ خوبصورت جوڑا پریانکا کی والدہ مدھو سے ملاقات کے لیے ممبئی پہنچ گیا ۔ممبئی میں پریانکا اور نک نے ایک دوست کی منگنی کی تقریب میں ایک ساتھ شرکت بھی کی جس کی تصویر پریانکا کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر بھی کی گئی۔

٭ جولائی میں پریانکا کی 36ویں سالگرہ پر مختلف ذرائع سے یہ سننے کو ملا کہ نک جونس نے پریانکا کو انگوٹھی کے ساتھ شادی کی پیشکش بھی کی ہے، جسے پریانکا کی جانب سے قبول کرلیا گیا ہے لیکن اس خبر کی تصدیق نہ ہوسکی۔

٭ اس سے اگلے ماہ5اگست کے دن پریانکا کو نک جونس کے سنگاپور میں ہونے والے کنسرٹ میں سب سے آگے خاصا پرجوش رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا اور غیر ملکی میڈیا نے اسےنک اور پریانکا کی’’ ویڈنگ بیل ،، سے منسوب کیا، جو درست بھی ثابت ہوا۔

٭ صرف 10دن بعد ہی18اگست کو اس خبر کی تصدیق ہوگئی اور تمام افواہیں حقیقت میں بدل گئیں جب پریانکا اور نک جونس کی منگنی کی رسم ممبئی میں ان کے گھر میں ادا کی گئی۔اس موقع پر پریانکا چوپڑا نے پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا جب کہ ان کے منگیتر روایتی سفید کرتے پاجامے میں دکھائی دیئے۔ دونوں کی منگنی پنجابی رسم و رواج کے مطابق ہوئی جبکہ نک جونس کے والدین نے بھی بھارتی پنجابی اسٹائل میں شرکت کی۔منگنی کی تقریب کے بعد پریانکا کی جانب سے 200مہمانوں کی ہوٹل میں بکنگ کروائی گئی، جو خاص طور پر امریکا سے منگنی میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ 

٭ پریانکا اور نک جونس کی منگنی ہوتے ہی یہ چہ مگوئیاں کچھ عرصے تک جاری رہیں کہ اداکارہ رواں برس کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ ان کی شادی سےمتعلق کہا جارہا تھا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس رواں برس اکتوبر سے دسمبر کے درمیان کسی وقت بھی شادی کرلیں گے۔تاہم غیر ملکی میڈیا کے مطابق ستمبر میں نک جونس کے والد کو اپنے کاروبار میں مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، مالی نقصان کے علاوہ انہیں بینک کرپٹ قرار دے دیا گیا۔ اس لیے ممکنہ طور پر اداکارہ کی شادی کچھ وقت کے لیے مؤخر کردی گئی ہے۔

اس رومانوی تعلق میں سب سےاہم کردار ہالی ووڈ کے نامور اداکار اور ’دی راک‘ کے نام سے مشہور ڈیوین جانس ہیں کیونکہ انہوں نے ہی اس خوبصوت جوڑے کو ملوانے کا سب سے اہم کام سرانجام دیا اور جب اس سے متعلق ڈیوین جانس سے پوچھا گیا تو انھوں نے اس بات کی تصدیق کچھ اس طرح کی کہ ’’ہاں میں نے ہی نک جونس اور پرریانکا کو ملوایا تھا، اگر یہ دونوں خوش ہیں تو سارا کریڈٹ میرا ہے، پریانکا کے ساتھ بےواچ میں کام کیا، جبکہ نک کے ساتھ جومانجی میں اور میں ہی ان دونوں کو قریب لایا‘‘۔ اس اعتراف کے علاوہ دونوں کے رشتے میں ایک اور خوبصورتی نک جونس اور پریانکاکی جوڑی کا نک نیم ’’پریک ‘‘ ہے۔ نک سے غیر ملکی میڈیا کی جانب سے لیے گئے انٹرویو میں جب پوچھا گیا کہ آپ کا سیلیبرٹی کپل ہے، آپ اسے کیا نک نیم دینا چاہیں گے تو اسکے جواب میں نک جونس نے اپنی جوڑی کو ’’پریک ‘ ‘ نام دیا تھا۔ پریک میں نک اور پریانکا دونوں کے نام چھپے ہیں یعنی پری سے مراد پریانکا جب کہ ک سے مراد نک ہے۔

تازہ ترین