• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی معیشت دن بدن ترقی کی جانب گامزن ہے اور اس ترقی کا حصہ بننے کے لیے ٹیلنٹ ہونے کے ساتھ تجربے اور مہارت میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔ اگر آپ کسی بھی ادارے میں جاب کے لیے اپلائی کریں توانٹرویو میں سب سے پہلا سوال’’ تجربہ ،،کا ہی کیا جاتا ہے۔ چاہے وہ تجربہ چند ماہ کا ہی کیوں نہ ہو۔ اس چند ماہ کے تجربے یا کسی بھی جاب مارکیٹ کو سمجھنے کے لیے 3 ماہ سے 1 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے، جسے انٹرن شپ کا نام دیا جاتا ہے۔ گریجویشن کے دوران بیشتر ادارے ہر سال نوجوانوں کو انٹرن شپ آفر کرتے ہیں ۔

یہی نہیں پاکستان میں بہت سے تعلیمی شعبہ جات ایسے بھی ہیں، جن میںجاب حاصل کرنے کے لیے انٹرن شپ کولازمی تصور کیا جاتا ہے، جیسے میڈیکل، وکالت، چارٹرڈ اکاؤنٹینسی وغیرہ۔ انٹرن شپ کے فوائد کیا ہیں اور جاب سے قبل آپ کو انٹرن شپ کیوں کرنی چاہیے؟ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ انٹرن شپ کےفوائد سے باخبر ہوں، تو آئیے اس بارے میں جان لیتے ہیں۔

صلاحیتوں کا عملی اظہار

انٹرن شپ، گریجویشن کے دوران حاصل کی جانے والی تعلیم ، معلومات اور صلاحیتوں کے عملی اظہار کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ اگر چہ علم کی اہمیت اپنی جگہ قائم ہے لیکن اس میں اضافہ تب ہی ممکن ہے، جب اس علم کو عملی طور پر ثابت بھی کیا جائے۔ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے طلبہ و طالبات کو اپنے کیرئیر کی سیڑ ھی پر پہلا قدم رکھنے ، مختلف اداروں میں کام کے طریقۂ کار کو سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے ۔

پروفیشنل نیٹ ورکنگ

نیٹ ورکنگ دو افرادکے درمیان معلومات کے تبادلہ کے طور پر کام آتی ہے، خاص طور پر پروفیشنل کیریئر کےآغاز کے دوران۔ آپ کی نیٹ ورکنگ پاور فل ہے یا نہیں، اس بات سے فرق نہیں پڑتا لیکن پروفیشنل لائف کےآغاز سے ہی نیٹ ورکنگ کی اہمیت کا اندازہ ہونے لگتا ہے اورانٹرن شپ آپ کو کاروبار سے وابستہ سینئر لوگوں سے ملنے جلنے، ان سے تعلقات بنانے، خود کو کاروباری یا پروفیشنل حلقوں میں متعارف کرانے کا موقع دیتی ہے، جس سے بعد ازاں آپ کو اپنے لیے جاب کے حصول میں بہت مدد ملتی ہے۔

اپنی ذات پر اعتماد بڑھنا

معروف فلسفی ارسطو کا قول ہے، ’’خودی کو جاننا ہر علم کا آغاز ہے‘‘۔ انٹرن شپ طالب علموں کی کارکردگی میں ہی اضافہ نہیں کرتی بلکہ انھیں اپنی ذات اور مقاصد کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی دیتی ہے۔آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں یا آپ کے مقاصد کیا ہیں، انٹرن شپ ان مقاصد کے لیے تھیم کا انتخاب کرتی ہے۔مثال کے طور پر بزنس مارکیٹنگ کے طالب علم اپنے اہداف یا کیریئر کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی خاص کمپنی یا ادارے کا انتخاب کرتے ہیں اور دوران انٹرن شپ ہی وہ یہ فیصلہ کرلیتے ہیں کہ یہ اہداف اس کمپنی میں رہتے ہوئے پورے کیے جاسکتے ہیں یا نہیں ۔ اس دوران آپ کا خود پر اعتماد بڑھتا ہے کہ اگر آپ کوشش کر کے انٹرن شپ حاصل کر سکتے ہیں تو خود کوشش کر کے جاب بھی حاصل کر سکیں گے۔

تھیوری اور پریکٹس کے مابین فرق

آپ چاہے قانون کی ڈگری رکھتے ہوں یا پھر میڈیکل میں آپ نے ایک خاص عرصے تک تعلیم حاصل کی ہو، اس تلخ حقیقت کو اپنانے سے انکار نہیں کریں گے کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں پڑھائی جانے والی تھیوری او ر پروفیشنل لائف کی پریکٹس میں کافی فرق دیکھنے میں آتا ہے۔ لیکن اگر آپ جاب سے قبل انٹرن شپ کرتے ہیں تو اس فرق کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انٹرن شپ کے دوران آپ کو بہت سی ایسی ٹپس اور ٹرِکس کا پتہ چلتا ہے، جو نہ تو آپ کو نصابی کتب میں ملتی ہیں اور نہ ہی آپ کے اساتذہ ان کے متعلق بتاتے ہیں۔

انٹرن شپ کے ان چند فوائد کو جان لینے کے بعد بھی کیا آپ یہ سوچیں گے کہ انٹرن شپ وقت کا ضیاع ہے یا دوران انٹرن شپ تنخواہ کیوں نہیں دی جاتی، محض وظیفہ کیوں دیا جاتا ہے؟ یقیناً اگر آپ اس سوچ میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں تو پھر جلد ہی انٹرن شپ سے ایک کامیاب مستقبل کا آغاز کیجیےاوراگر اب تک کسی ادارہ یا کمپنی کی جانب سے آپ کو انٹرن شپ آفر نہیںہوئی تب بھی پریشان نہ ہوں اور اپنے اساتذہ یا عزیز رشتہ داروں کے اثرورسوخ کام میں لاتے ہوئے چند ماہ کے لیے ہی سہی، اپنی پریکٹیکل لائف کا آغازکیجیے۔

سینئرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع

انٹرن شپ کے دوران آپ کو ادارے کے تجربے کار اور باصلاحیت افراد کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔ آپ ان کے تجربے اور کام کرنے کے اسٹائل کو دیکھتے اور سمجھتے ہیں۔ اگرطالب علم اس دوران مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تمام تر توجہ کام پر مرکوز رکھے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہی کمپنی آپ کو مستقل ملازمت کے لیے آفر بھی کردے ۔

تازہ ترین