پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو آج احتساب لاہور میں پیش کیے جانے کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سخت سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ عدالت آنے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں اور خاردار تار لگا دیئےگئے ہیں۔
دو بکتر بند گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نیب آفس پہنچا دی گئی ہیں، نیب آفس لاہور کے باہر بیریئر لگا کر راستے بند کر دیے گئے جبکہ صرف مرکزی دروازہ آمدورفت کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔
نیب آج مسلم لیگ ن کے صدر،سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا جسمانی ریمانڈ لینے کےلیے انہیں عدالت میں پیش کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے شہبازشریف کو جج نجم الحسن کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز دونوں عدالت آئیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نیب عدالت میں آج کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہے،نہ ہی میڈیا کو کوریج کی اجازت دی گئی ہے۔
شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاؤن میں قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ کو شہباز شریف کا وکیل مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہبازشریف کو نیب نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ کیس میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز گرفتار کیا تھا، نیب اعلامیے کے مطابق شہبازشریف کی گرفتاری کےحوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کردیا گیا تھا۔