• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی اکثریت کا یہ ماننا ہے کہ گھر کی تزئین و آرائش میں بجٹ کا کردار اہم ہوتا ہے۔ یہ بات کسی حد تک درست بھی ہے کیونکہ بجٹ آپ کو اس قابل ضرور بناتا ہے کہ آپ گھر کی سجاوٹ کا سوچیں، تاہم آپ اسے کس قدرخوبصورت اور زبردست انداز میں سجاتی ہیں، اس کا دارومدار آپ کے ذوق اور تخلیقی صلاحیتوں پر ہے۔ 

اگر قدرت نے آپ کو ذوق اور تخلیقی صلاحیتیں عطا کی ہیں تو آپ کم بجٹ میں بھی اپنے گھر کو انتہائی خوبصورت بناسکتی ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھر کو کم پیسوں میں بہتر انداز سے سجانا چاہتی ہیں تو درج ذیل آئیڈیاز آپ کو ضرور پسند آئیں گے۔

شاندار داخلی راستہ

داخلی راستہ کسی بھی گھر کا پہلا تاثر ہوتا ہے۔ اس لیے سجاوٹ کا آغاز داخلی راستے سے کریں۔ باوقار سیاہ رنگ آپ کے دروازے اور گھر کے داخلی راستے کو منفرد اور اسٹائلش بنادے گا۔ اگر آپ چاہیں توشوخ اور گہرے رنگوں کا بھی انتخاب کر سکتی ہیں جیسے نیلا یا لال۔ – یہ سب آپ کے گھر کے اسٹائل اور ذاتی ترجیحات پر منحصر ہے۔

لکڑی کا مزید استعمال

نئے شیلف خریدنا مہنگا پڑتا ہے، تاہم فکرکی کوئی بات نہیں۔ کیا آپ کے پاس پرانی اور استعمال شدہ لکڑی کی سیڑھیاں آس پاس کہیں بیکار پڑی ہیں؟ اسے پالش کرکے کوئی شوخ رنگ دے دیں۔ اس طرح آپ کے پاس گھر میں چیزیں سجانے اور دیوار کو ڈیزائن فراہم کرنے کی ایک شاندار چیز دستیاب ہوچکی ہے۔ یہ ایک تخلیقی آئیڈیا ہے، جو آپ کے گھر کو منفرد اور اسٹائلش بنادے گا۔

باورچی خانہ اہم ہے

اگر آپ اپنے باورچی خانے میں گندگی اور بے ترتیبی سے بچنا چاہتی ہیں، تو ایک آسان لیکن شاندار آئیڈیا یہ ہے کہ دو بیسن نصب کروالیں۔ ان میں سے ایک میں برتن دھوئیں اور دوسرے میں صاف کی ہوئی پلیٹیں وغیرہ رکھتی جائیں۔ یہ نہ صرف اسٹائلش لگتا ہے بلکہ آپ کا باورچی خانہ بصری طور پر بھی فرحت بخش لگے گا۔

قالین کی صفائی

اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے گھر کے مختلف کمروں میں موجود قالین باقاعدگی سے صاف ہوتے رہیں۔ ایسا کرنا نہ صرف دھول، مٹی اور کالک مٹائے گا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ یہ لمبے عرصے تک اچھے دکھیں۔

لکڑی کے تختے

گھر کی سجاوٹ میں لکڑی ہمیشہ خوبصورت لگتی ہے۔ اگر آپ اسٹوریج کی زیادہ جگہ کے ساتھ اپنے گھر کو خوبصورت بنانا چاہتی ہیں تو لکڑیوں کے تختے کبھی غلط انتخاب ثابت نہیں ہوں گے۔ یہ کسی بھی آرائِشی اشیا کے ساتھ بخوبی جچیں گے۔ – گلدان اور آرائِشی اشیا سے لے کر فوٹو فریمز اور کتابوں تک، لکڑی کے تختوں پر خرچ کریں اوراپنے گھر کے لیے ایک نئی اسٹائلش وضع پائیں اور ساتھ میںاضافی اسٹوریج کی جگہ بھی۔

رنگین دیوار

ایک دیوار پر رنگ کرنے کا نتیجہ خاصا متاثر کن ہوتا ہے، چاہے وہ کتنی ہی بڑی یا چھوٹی ہو۔ اس کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ جگہ بہت سے آرائشی سامان کے بغیر ہی جگہ سج جاتی ہے۔ 

آپ کمرے کے ایک حصے پر رنگ کر کے آسانی سے اپنی پسند کی خوبصورتی حاصل کر سکتی ہیں۔

فرنیچر پر نیا رنگ

نیا رنگ آپ کے فرنیچر کومکمل طور پر تبدیل كکرسکتا ہے اور آپ کو ایسا لگے گا جیسے آپ نے نیا فرنیچرلے لیا ہے۔ اپنے پرانے فرنیچر کی نئے رنگوں سے تجدید کریں تو آپ اُس کے نتائج دیکھ کر حیران رہ جائینگے۔ اسٹوریج یونٹس اور کیبنٹس کو تازگی بخشتے ہوئے اپنے گھر کو نیا اسٹائل فراہم کریں، جس کے لیے آپ کو زیادہ پیسے بھی خرچ نہیں کرنے پڑیں گے۔

اسٹوریج کی اہمیت

آپ کو کبھی بھی اپنے گھر میں موجود کسی بھی جگہ کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، یہ جگہیں بھی آرائشی اشیا رکھنے کے کام آسکتی ہیں۔ اپنے گھر کے لیے ذخیرہ اندوزی کی جگہوں پر تھوڑا خرچہ کریں اور بدلے میں بڑا صلہ پائیں۔

شیشے کا استعمال

کون ہے جسے گھر میں شیشے کی طاقت کا اندازہ نہ ہو۔ اگر آپ کو شیشے پسند ہیں تو کیوں نہ سجاوٹ کے لیے ان کا استعمال کیا جائے؟ کسی بھی کمرے یا داخلی راستے پر شیشہ لگا کر آپ اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ شیشے کے کناروں پر خوبصورت پینٹنگ کرکے یا پھر خوبصورت آرٹیفیشل بیلیں لگا کر گھر کی سجاوٹ کو چار چاند لگایا جاسکتا ہے۔

یہ چند تجاویز ہیں، جن پر عمل کرکے ، آپ اِس بات کو یقینی بنا سکتی ہیں کہ آپ کا گھر پورے سال خوبصورت دِکھے۔ بہترین حصہ یہ ہے کہ یہ کم بجٹ کے ساتھ مثالی آئیڈیاز ہیں، جو آپ کی جیب پر بھاری پڑے بغیر بہترین نتائج دیں گے۔

تازہ ترین