اسلام آباد (طاہر خلیل) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا کہناہے کہ سیاہ بادل وفاق کو گھیرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پارلیمان‘ جمہوری ادارے‘ سیاسی قوتیں جدوجہد کے راستے کے ساتھ موجود ہیں۔ ان کا بندھن پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینئر صحافی راجہ اصغر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کیا۔ جس کی صدارت وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کی۔ ضیاء الدین‘ مطیع اللہ جان‘ پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے صدر صدیق ساجد اور دیگر نے خطاب کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ فوجی آمریت سے جمہوریت کے سفر میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے۔ تیسری دنیا کی تاریخ جمہوریت کی جدوجہد کے شہدا اور لاپتہ افراد سے بھری پڑی ہے۔ شہیدوں کا لہو اور لاپتہ افراد کی مائوں کے آنسو ہمارے عزم کو پختہ کرتے ہیں کہ انصاف کے لئے جدوجہد جاری رہنی چاہئے۔ انہوں نے راجہ اصغر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ اختیار کرنے والے ہمیشہ سرخرو رہتے ہیں اور ایسے لوگ ہی ہمیشہ امر رہتے ہیں۔ ریفرنس میں فیصلہ کیاگیا کہ پارلیمانی پریس لائونج میں راجہ اصغر کی یاد میں تصویر آویزاں کی جائے گی۔