• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کررہی ہے، نئے پاکستان میں شہریوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت IMFکی شرائط کو پورا کررہی ہے، عوام یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ نئی حکومت آئی ہے اور مہنگائی ساتھ لائی ہے۔ نئے پاکستان میں بھی شہریوں کو لاپتا کیا جارہا ہے، کراچی میں سیاسی و فلاحی خدمات انجام دینے والے رہنما اعجاز اللہ خان کو لاپتا کردیا گیا ہے، لوگوں کو لاپتا اور گمشدہ کرنا انسانی حقوق اور قانون کی خلاف ورزی ہے، وزیر اعظم عمران خان لاپتا افراد کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کریں، سود کا خاتمہ اللہ کا حکم اور شریعت محمدیؐ کا تقاضا ہے، عوام کی خواہش ہے کہ عمران خان ملک کو مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ مدینہ جیسی اسلامی ریاست سے سود، شراب، فحاشی اور تمام حرام امور کا خاتمہ ضروری ہے۔ وہ ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری لیاقت بلوچ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اظہر احسن اقبال، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہنیب کی کارروائیوں میں انصاف نظر آنا چاہئے،نیب حکومت اور سپریم کورٹ پاناما لیکس میں آنے والے 436افراد کے خلاف عدالتی وقانونی کارروائی اور ان کے احتساب کو یقینی بنائیں۔ بنکوں کے قرضے ہڑپ کرنیوالوں اور نیب میں موجود 150میگا اسکینڈل کے حوالوں سے بھی کارروائیاں نظر آنی چاہئیں، احتساب کی کارروائیوں میں انتقامی جھلک نہیں ہونی چاہئے۔
تازہ ترین