راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)نیب نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے گوجرخان میں خریدی جانے والی نئی ڈمپنگ سائیٹ کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔انٹی کرپشن راولپنڈی سمیت مختلف جگہوں سے ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ڈمپنگ سائیٹ کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے273ملین روپے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کو بطورلینڈ ایکوزیشن کلیکٹر ادا کئے ہوئے ہیں۔جبکہ ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی کی طرف سے پہلے تخمینہ کے بعد 25فیصد ایکوائرنگ کاسٹ ڈال کراراضی کی قیمت 24کروڑ85لاکھ42ہزار108روپے مقرر کی گئی تھی۔بعد میں اراضی کی قیمت کے حوالے سے اعتراضات کے بعد ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی نے دوبارہ قیمتوں کا تعین کیا تونئی قیمت کم ہو کر پندرہ کروڑ72لاکھ94ہزار375روپے ہوچکی ہے۔