• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن احمد بھائی صاحب، ہمارے چار بہنوئیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ وہ انتہائی شریف النّفس، ہمدرد، اور بااخلاق انسان ہونے کی وجہ سے خاندان بھر میں تحسین کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ بے لوث خدمت گزاری، مشکل گھڑی میں ہرکسی کے کام آنا گویا ان کی فطرت میں شامل تھا۔ بھائی صاحب کی ان ہی خوبیوں سے متعلق ایک واقعے کا ذکر کرتا چلوں، جو ایک عرصہ گزرجانے کے باوجود آج بھی مجھے یاد ہے۔ یہ اُس وقت کی بات ہے، جن دنوں ہم راول پنڈی میں رہتے تھے۔ایک روز وہ ہمارے گھر تشریف لائے، کہنے لگے، ’’لیاقت میاں! صدر چلتے ہیں، سموسے کھانے۔‘‘ انہوں نے ایک مخصوص ہوٹل کا نام لیا کہ وہاں کے سموسے بہت عمدہ اور لذیذ ہوتے ہیں۔ ان کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے ہم نے آمادگی کا اظہار کیا اور ہوٹل چل پڑے۔سموسے کھا کر واپس آتے ہوئے، ایک مقام پر ہم نے دیکھا کہ چند افراد پریس مشین (چھاپہ خانہ) نصب کررہے ہیں۔ بھائی صاحب وہاں رُک گئے اور چند منٹ انہیں دیکھتے رہے، وہ لوگ اپنے مقصد میں ناکام نظر آتے تھے۔ 

یہ دیکھ کر بھائی صاحب سے نہ رہا گیا، فوراً ان کی مدد کے لیے دکان میں داخل ہوئے اور آدھے گھنٹے کے اندراپنی تیکنیکی مہارت سے مشین نصب کردی۔ بھائی صاحب کے اس اقدام پر وہ انتہائی شکر گزار ہوئے اور کہنے لگے۔ ’’ہم گزشتہ دو گھنٹے سے پریشان تھے، آپ نے منٹوں میں ہماری مشکل آسان کردی، آپ فرمائیے، ہم آپ کی کیا خدمت کرسکتے ہیں۔‘‘ لیکن بھائی صاحب نے شکریے کے ساتھ ان کی پیش کش سے معذرت کرلی۔ بھائی صاحب کی عادات میں ایک اخلاقی پہلو یہ بھی نمایاں تھا کہ وہ اپنے سے چھوٹوں کے نام کے ساتھ ’’میاں‘‘ لگا کر پکارتے، جب کہ لڑکیوں کے ناموں کے ساتھ ’’باجی‘‘ کا اضافہ کردیتے۔ وہ جانوروں، چرند پرند اور پودوں کا بھی بہت خیال رکھتے تھے۔ بھائی صاحب سے میری آخری ملاقات ان کے صاحب زادے کی شادی کے موقعے پر ہوئی۔ پھر کچھ عرصے بعد یہ روح فرساخبر ملی کہ مختصر علالت کے باعث 18؍اگست 2007ء کو وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ بے شک، اللہ تعالیٰ مسبّب الاسباب ہے، جس نے ان سے حددرجہ الفت و محبت کے صلے میں مجھے زادِ راہ فراہم کی کہ جس کی بدولت میں بروقت کراچی سے راول پنڈی پہنچ کر ان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کا شرف حاصل کرسکا۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہر ایک کے دکھ درد میں کام آنے والے اس انتہائی شفیق و مہربان انسان کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

لیاقت مظہر باقری، گلشن اقبال، کراچی

تازہ ترین
تازہ ترین