اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر زور دیا ہے کہ تحریک آزادی فلسطین کو کچلنے کے منصوبہ سے دور رہے اور نام نہاد بین الاقوامی امن فورس برائے غزہ کا حصہ نہ بنے، غزہ سے متعلق امریکا سے ہونے والے کسی بھی خفیہ معاہدے سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے، اسلام دنیا کے حکمران اپنے عوام کے مفاد میں کام نہیں کرتے۔ انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف اسٹوڈنٹس آرگنائزیشز کی سربراہی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اسرائیل کے مکمل انخلا کے بغیر غزہ میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا کے معاملات چند عالمی طاقتوں کے کنٹرول میں ہیں اور اقوام متحدہ ان کے ہاتھوں میں محض کھلونا بن چکی ہے۔ دوروزہ انٹرنیشنل لیڈررشپ سمٹ 2025 کی میزبانی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کررہی ہے۔ کانفرنس میں بیس سے زائد ممالک کے طالب علم رہنما شریک ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اندورنی حالات، خطے کی صورتحال، اسلامی دنیا کو درپیشں چیلنجز اور تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تناظر میں مسلمان نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی اور سوالات کے جوابات دیے۔ ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی سید فراست شاہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حسن بلال ہاشمی اور کئی ممالک کی طلبہ اسلامی تحریکوں کے راہنماؤں نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے تمام غیر ملکی مہمانوں کوخوش آمدید کہا اور انہیں امت مسلمہ کا مستقبل قرار دیا۔