• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کے داخلی حصے کی اہمیت اور تعمیر سے متعلق ہم کئی بار گفتگو کرچکے ہیں، آپ بھی اس جگہ کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ لیکن تعمیر کے بعد کسی بھی جگہ کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافہ ایک ہی صورت میں ممکن ہے، اور وہ ہے اس حصے کی سجاوٹ۔ انٹیریئر ماہرین کے مطابق داخلی حصہ گھرکی جمالیات اور اس کے ماحول کی عکاسی کرتا ہے لیکن داخلی حصے کے ساتھ گھر کے برآمدہ کو بھی اتنی ہی اہمیت دینی چاہیے کیونکہ آپ کے ذوق کی ترجمانی سب سے پہلے یہی جگہ کرتی ہے۔ 

یہ حصہ نہ صرف صاف ستھرا بلکہ خوشگوار ہونا چاہیے تاکہ یہ آپ کے گھر کے ڈیزائن اور سجاوٹ کی اچھی شکل دکھائے اور صفائی کی عمدہ مثال پیش کرے، تاکہ مہمانوں کااچھےسے استقبال ہوسکے۔

سیدھی دیوار اور عمودی باغبانی

جو دیوار برآمدہ کو گھر کی مرکزی دیوار سے ملائے، اس پر عمودی باغبانی(ورٹیکل گارڈننگ) کرنے پر غور کریں۔ پلانٹر کے علاوہ اس دیوار کو مکمل طور پر ہر ا بھرابھی بنایا جاسکتا ہے۔ اس میں آپ آسانی سے نہ صرف آرائشی پودے لگاسکتے ہیں بلکہ سبزیاں اور پھل بھی اُگا سکتے ہیںلیکن بہتر یہی ہے کہ آپ صرف پھولوں والی دیوار کا انتخاب کریں۔ یہ عمودی دیواریں اب پاکستان میں عام ہوتی جارہی ہیں اور بہت آسانی سے ان میں پودے اُگائے جا رہے ہیں۔

متاثر کن داخلی گزرگاہ

برآمدہ کی سجاوٹ کے لیے بل کھاتا داخلی راستہ، پتھر یا اینٹوں سے تعمیر کی گئی گزرگاہ (واک وے)اور شوخ رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جدید دور میں بیرونی حصے اور صحن میں باغیچے کی تعمیر، کاٹیج اسٹائل کی خوبصورتی اور دلکشی میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ سجاوٹ کا یہ انداز عام طور پر کاٹیج اسٹائل گھروں میں زیادہ دیکھا جاتا ہے۔

خوبصورت مرکزی دروازہ

بیرونی حصے کی سجاوٹ کی بات آئے تو مرکزی دروازہ بھی خاص اہمیت اختیار کرجاتا ہے۔ مرکزی دروازے سے مُراد وہ دروازہ ہے، جو صدر دروازے سے داخل ہونے کے بعد گھر کے اندر داخل ہونے کے لیےاستعمال ہوتا ہے۔ آج کے جدید استقبالی دروازوں کی تعمیرمیں نفاست، اختراعی مہارت اور جدت کے لیے خوبصورت رنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ رنگوں کے علاوہ لکڑی سے بنے خوبصورت استقبالی دروازے پر گلکاری اور روشنی کا ذہانت مندانہ استعمال آپ کے برآمدہ کی سجاوٹ میں چار چاند لگا سکتا ہے۔

لینڈ اسکیپنگ

قدرتی ماحول برآمدہ کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کرسکتا ہے۔ اسی لیے برآمدہ کے لیے سب سے پہلے باغبانی کو اہمیت دیں۔ خوبصورت، عمدہ اور مثالی سجاوٹ کے لیے ایک خوبصورت باغ بنانا سب سے بہترین کام ہے۔ برآمدہ کے لیے فرش کا انتخاب ہو یا پھر پھول پودوں کا، آپ ایسے رنگ اور اقسام کا انتخاب کریں جو عمارت سے ملتے جلتے ہوں مثلاً ایک تھیم کا انتخاب کریں، ایسا نہ ہو کہ بیرونی خاکہ ہلکے رنگوں سے مزین ہو اور برآمدہ کے لیے گہرے اور نامناسب رنگوں کے پھول پودوںکا انتخاب کیا جائے۔ انتخاب وہ کریں، جو آپ کی عمارت کے ساتھ اچھا لگے اور اگر مشورے کی ضرورت ہو تو کسی پیشہ ور ماہر سے بات کریں۔

ڈھلوانی چھت اور سجاوٹ

عمارت کے اندرونی حصے سے باہر کے رُخ نکلی ہوئی چھت برآمدہ کو سایہ مہیا کرتی ہے اور تیز دھوپ یا بارش میں آرام دہ ماحول بھی دیتی ہے۔ اگر آپ نے گھر کی تعمیر شروع نہیں کی ہے تو برآمدہ میں ڈھلوانی چھت کی تعمیر پر ضرورغور کریں۔ اس حصے میں خوبصورت سٹنگ ارینجمنٹ کے ذریعے بھی دلکشی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ فکسڈ لائٹس کے علاوہ ہینگنگ لائٹس بھی اس حصے کو روشن کرنے میں مددگار ہوسکتی ہیں۔ سجاوٹ کیلئے پتھروں کا استعمال بھی خوبصورت اور کلاسک لُک دیتا ہے۔ کوشش کیجیے کہ یہاں موجود ہر شے سکون، خوبصورتی اور صفائی کا عمومی تاثر دے۔

اسٹیئر لائٹنگ

عام طور پرگھروں کی تعمیر اس طرح کی جاتی ہےکہ برآمدہ ختم ہونے کے ساتھ ہی، گھر کے اندرونی حصے میں جانے کے لیے دو سے تین سیڑھیاں بنائی جاتی ہیں۔ ان سیڑھیوں پرروشنی کا مناسب انتظام کیا جائےکیونکہ یہ جتنی روشن ہوں گی، بیرونی حصے کی خوبصورتی میں اتنا ہی اضافہ ہوگا اور ان پر چڑھتے وقت کسی کو دقت بھی نہیں ہوگی۔ اس حصے کو اسٹیئر لائٹس کے ذریعے بھی روشن کیا جاسکتاہے، دوسری صورت میں خوبصورت فلور لیمپ بھی بہترین انتخاب ہیں۔

تازہ ترین