• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: سمندری طوفان ’مائیکل‘ سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی


امریکا میں سمندری طوفان ’مائیکل‘ کی تباہ کاریاں جاری ہیں، امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی، درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق طوفان سے فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں بدترین تباہی ہوئی ہے، گھر اور سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہواہے۔

امریکی تاریخ کے بدترین سمندری طوفان مائیکل نے فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی میں تباہی مچا دی ہے،جہاں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، دوسری جانب لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

خطرناک سمندری طوفان مائیکل کے امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی سے ٹکرانے کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ طوفان کے باعث لاکھوں کی تعداد میں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

سب سے زیادہ تباہی ریاست فلوریڈا میں ہوئی ہے جہاں شمال مغربی ساحلی علاقے پر ہر جانب تباہی کے مناظر ہیں، 250کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے راستے میں آنے والی ہر شے کو اڑا کر رکھ دیا ہے، سڑکیں ٹوٹ گئیں، جارجیا اور فلوریڈا کا خوبصورت ساحل اجاڑ بستی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

فلوریڈا کے چڑیا گھر میں جانوروں کے پنجروں کو بھی نقصان پہنچا، کئی درخت گر گئے، فلوریڈا کے گورنر رک سکوٹ نے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، طوفان سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے، نو لاکھ گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔


فلوریڈا کے حکام کا کہنا تھا کہ طوفان کے باعث متاثرہ 6 ہزار 700 افراد نے 54 شیلٹرز میں پناہ لی ہے، ورجینیا اور کیرولائنا میں سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے، فلوریڈا، الباما، کیرولیناز اور جارجیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

گورنر ریک اسکوٹ کا کہنا ہے کہ مائیکل نامی سمندری طوفان نے ریاست میں وہ تباہی مچائی ہے جس کا تصور کرنا ممکن نہیں۔

فلوریڈا کے گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل نے بہت ساری زندگیوں کو ہمیشہ کے لیے تبدیل کر دیا اور بہت سے خاندانوں نے اپنا سب کچھ گنوا دیا۔

ریک اسکوٹ نے بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈ امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے 10منصوبوں پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے طوفان میں پھنسے 27 افراد کی زندگیاں بچائی ہیں۔

فلوریڈا اور میکسیکو کے ساحل پر سمندری طوفان مائیکل کی تباہ کاریوں کے بعد امدادی ٹیموں نے متاثرین کی باقیات یا لاشوں کی تلاش شروع کر دی ،اب بڑے پیمانے پر مکانات کے ملبے سے باقیات ،لاشوں یا زخمیوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

گورنر ریک سکاٹ نے بتایا کہ طوفان کے باعث ناقابل یقین تباہی ہوئی ہے اور اب امدادی ٹیمیں ملبے میں سے ایسے زندہ بچ جانے یا ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تلاش کا کام کرہی ہیں جنہوں نے بار بار متنبہ کیے جانے کے باوجود علاقہ یا اپنی رہائشی عمارتیں خالی نہیں کی تھیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ان شہریوں کے بارے میں ابھی تک تشویش لاحق ہے کہ وہ بخیریت ہوں تاہم پھر بھی امید ہے کہ زیادہ جانی نقصان نہیں ہو گا۔

دریں اثناءامریکی فوج نے کہا ہے کہ فلوریڈا نیشنل گارڈز کے 2000نیشنل سولجرز بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین