سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 'تحریک انصاف سے دوگنے ووٹ حاصل کیے۔عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں،یقین تھا کہ ضمنی انتخابات میں فتح ہماری ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نےلاہور کے حلقہ این اے 124 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، عوام نے ثابت کردیا کہ وہ کل بھی نواز شریف کے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حلقے کے لوگوں نے ن لیگ سے اپنی محبت ثابت کردی ہے،این اے 124 کی عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ہے، ن لیگ نے پی ٹی آئی سے دوگنا سے بھی زیادہ ووٹ لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو گرفتار کرنا چاہتا ہے کرلے، ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، آنے والے پانچ سالوں میں آپ کے درمیان رہوں گا، ہم نے محنت کرنی ہے اور ملک کو آگے بڑھانا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل عمران خان حل نہیں کر سکتے،اگر پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں تو نواز شریف کو واپس لانا ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ لاہوری انداز بھی سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ن لیگ نے ضمنی انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 124 سے شاہد خاقان عباسی کو ٹکٹ دیا تھا۔
اس حلقے میں عام انتخابات میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست پاس رکھی تھی اور این اے 124 سے دستبردار ہوگئے تھے۔