• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز،مریم و صفدر کانام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواستوں پر نیب سے رائے لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی طرف سے نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق دی گئی درخواستوں پر نیب سے رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے‘ تینوں افراد کی طرف سے ارسال کی گئی درخواستوں کا قانونی جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔ نام ای سی ایل سے نکالنے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی تاہم اس کے لئے نیب کی طرف سے کلیئرنس ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ کے نام الگ الگ درخواستیں ارسال کی تھیں جس میں سیکرٹری داخلہ سے کہا گیا تھا کہ ان کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں وہ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں اور ای سی ایل میں نام ڈالنے کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ان تینوں درخواستوں کا قانونی جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ چونکہ نواز شریف‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں اس لئے ان درخواستوں پر نیب سے بھی رائے لی جائے گی۔ اگر نیب کو اعتراض نہ ہوا تو تینوں افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وفاقی کابینہ کو سفارش کی جائے گی ۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نام ای سی ایل سے نکالے جائیں گے۔
تازہ ترین