• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران عوام کا اعتماد کھو چکے، مسائل حل نہیں کر سکتے، شاہد خاقان

لاہور(نمائندہ جنگ / ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کا اعتماد کھوچکے ہیں ، پاکستان کے مسائل حل نہیں کرسکتے جبکہ خواجہ سعد رفیق نےکہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی فتح عوام اور جمہور کی جیت ہے ، عوام مینڈیٹ کا راستہ نہیں روکنا چاہئے ۔ تفصیلات کےمطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور میں حلقہ این اے 124 کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے غیر سرکاری اعلان کے بعد تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں،یقین تھا کہ ضمنی انتخابات میں فتح ہماری ہوگی۔پارٹی کارکنوں سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، عوام نے ثابت کردیا کہ وہ کل بھی نواز شریف کے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ ہیں۔ حلقے کے لوگوں نے ن لیگ سے اپنی محبت ثابت کردی ہے،این اے 124 کی عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو گرفتار کرنا چاہتا ہے کرلے، ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، پاکستان کے مسائل عمران خان حل نہیں کر سکتے،اگر پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں تو نواز شریف کو واپس لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لاہوری انداز بھی سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ادھر اپنی کامیابی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی فتح عوام اورجمہورکی فتح ہے، عوامی مینڈیٹ کا راستہ نہیں روکنا چاہیے، پیپلزپارٹی اورایم ایم اےکی حمایت پر انکے شکر گزار ہیں، وزیراعظم کاکہناکہ میرابس چلےتو50لوگ جیل میں ہوں جمہوریت کیلئےاچھانہیں،عمران خان ہروقت وہ آستینیں چڑھا کر اپوزیشن سے جھگڑتے ہیں، میں حیران ہوں عمران خان صاحب کیسے حکمران ہیں۔ قبل ازیں گرلز ہائی اسکول ڈیفنس میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انتخابات میں نقصان پہنچانے کے لیے ہمارے سرگرم کارکنان کوغائب کر دیا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) کو انتخابی مہم کے دوران شدید مشکلات کا سامنا رہا،کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے ساتھ ساتھ میری اور خواجہ سلمان رفیق کی گرفتاری کی افواہ پھیلائی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ (ن) لیگ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہے، نیب کی جانب سے پاسپورٹ منسوخ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے، ہم کہیں نہیں بھاگ رہے،جس نے پکڑنا ہے اپنا شوق پورا کرلے، کیونکہ زیادتی کا بدلہ اب عوام ہی چکائینگے ۔انہوں نے کہا کہ نیب ہمارے خاندان کو ٹارگٹ کیے ہوئے ہے ، کبھی ہمارے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بات کرتے ہیں ا ور کبھی گر فتاریوں کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ،ہم پرویز مشرف کی آمر یت کے دور میں بھاگے ہیں نہ اب بھاگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔انہوں نے کہا کہ میرے ہاتھ پائوں باندھ کر میرے لوگوں کو پکڑ لیا گیا۔کسی سے جھگڑا چاہتے ہیں نہ کسی کے گلے پڑنا چاہتے ہیں ۔ سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ ن لیگ گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں ہے، نیب کی جانب سے پاسپورٹ منسوخ کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔
تازہ ترین