کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ٹھٹھہ اور سجاول کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر چیف سیکرٹر ی سندھ سے تحقیقات کی 15یوم میں رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔جمعرات کو چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سر براہی میں ٹھٹھ اور سجاول کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے نصیر احمد شاہ شیرازی کی جانب سے دائر کردہ آئینی درخواست کی سماعت کی ۔سماعت کے موقع پر چیف سیکرٹری سندھ نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ ان اضلاع میں231 ترقیاتی منصوبوں کے لیے2سو 50 ملین روپے مختص کیے ہیں اور اس اس حوالے سے تحقیقات کے لیے مہلت دی جائے۔درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ2010میں ٹھٹھہ اور سجاول کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے اربوں روپے فنڈز جاری کیے گئے لیکن اس کے باوجود منصوبے تاحال مکمل نہیں ہوسکے ہیں جبکہ ان منصوبوں میں بڑے پیمانے پر خورد برد اور کرپشن کی گئی ہے ،لہذا استدعا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کر وائی جائے ۔