• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی گارڈز اغوا معاملہ، جواد ظریف کا شاہ محمود کو فون، دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری کا بھی رابطہ

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،ایجنسیاں ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےایران کو یقین دلایا ہے کہ ایرانی بارڈرگارڈز کے اغوا کے حوالے سے پاکستان کو تشویش ہے اور اس ضمن میں تمام مطلوبہ اقدامات کیےجائیں گے،دونوں ممالک کے ملٹری آپریشن کے سربراہوں نے بھی ہاٹ لائن پر رابطہ کیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک گفتگو کےدوران کیا،جنہوں نے بدھ کو شاہ محمود قریشی سے رابطہ کیا اور مغوی ایرانی اہلکاروں کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ ایرانی وزیر خارجہ نےمطالبہ کیاکہ حکومت پاکستان مغوی ایرانی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اور اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھائے۔شاہ محمود قریشی نےاہلکاروں کےاغوا کی شدیدمذمت کی اور کہا کہ دہشتگردوں نے انسانیت کے خلاف قدم اٹھایا اورسفاکانہ کارروائی کی ، انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان اپنے تمام وسائل اور ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ایرانی اہلکاروں کی بازیابی اور اس غیرانسانی فعل میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے کسی بھی مدد سے دریغ نہیں کرے گی،دہشتگرد عناصر ایران اور پاکستان کے برادر عوام کے مشترکہ دشمن ہیں جن کا مقصد ہی ہمارے دوستانہ اور قریبی تعلقات کو متاثر کرناہے،ایرانی وزیر خارجہ نے گارڈز کی تلاش کے لیے پاکستانی کوششوں پر شکریہ اداکیا ۔ دریں اثناپاکستان اور ایران نے اغوا کیے جانے والے 14 ایرانی سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لیے مشترکہ طور پر کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفتان لیویز حکام کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر تفتان حبیب ناصر کی قیادت میں فرنٹیئر کور اور لیویز حکام نے ایرانی علاقے لُولکدان میں جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایرانی علاقے میرجاوا کے مرزبان درجہ دوئم رحمت اللہ آندیش نے واقعہ کے متعلق پاکستانی حکام کو تفصیلی بریفنگ دی۔
تازہ ترین