• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالب علموں کیلئے مفید شارٹ کورسز اور ڈپلومہ

علمی ماہرین میٹرک(10th Standard) کو طلبہ کے تعلیمی کیریئر کی پہلی سیڑھی گردانتے ہیں۔ ان کے مطابق ایک کامیاب کیریئر تک پہنچنے والی سیڑھی کا آغاز یہیں سے ہوتا ہے، اس لیے آغاز( میٹرک کے نتائج ) کو بہتر بنانے کے لیے محنت کرنی چاہیے۔ اس بات پر بھی زور دیا جاتا ہے کہ میٹرک کے نتائج آنے اور کالج میں ایڈمیشن ہونے کے دوران ملنے والے وقفہ کوضائع نہ کریں بلکہ اس سنہری وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ شارٹ کورسز کرنے کا سوچیں۔

اسی طرح انٹر کے اکثر طالب علم امتحان کے بعد ملنے والے وقفہ کو ضائع کردیتے ہیں، ایسے طلباء کو چاہیے کہ مختلف فیلڈ میں کروائے جانے والےڈپلومہ کورسز کا فائدہ اٹھائیں، جو ان کے لیےمفید ہوسکتے ہیں۔ ان کورسز کےذریعے آپ غیر نصابی تعلیم سے منسلک رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں اور اہلیت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ ذیل میں طلباء کےلیے کچھ مفید ڈپلومہ اور شارٹ کورسز کا ذکر کیا جارہا ہے، جو تعلیمی نتائج کے انتظار کے دوران یا پھر یونیورسٹی میں داخلہ ہونے تک آپ کی صلاحیتوں میں نکھار اور کیریئر لائف کے لیے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ ایپس ڈویلپمنٹ

اینڈرائیڈموبائل مارکیٹ کی بڑھتی ڈیمانڈ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں اینڈرائیڈ ایپلیکیشنز کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے۔ اگر آپ کا جھکاؤ بھی اینڈرائیڈ ایپلیکیشنز کی جانب ہے تواپنے قیمتی وقت میں اینڈرائیڈ ایپس ڈویلپمنٹ کورسز کرنے کے متعلق سوچیں مثلاًآڈاسٹی (Udacity)،کورسیرا (Coursera)،اڈیمی (Udemy)، ٹری ہاؤس (Treehouse)وغیرہ۔ اس طرح کے کورس کا سب سے پہلا اور بڑا فائدہ یہ ہے کہ پروگرامنگ سیکھنے کے لیے کئی ذرائع آن لائن ہی موجود ہیں، جن میں سے اکثر ذرائع مفت ہیں جبکہ کچھ پیسے بھی طلب کرتے ہیں، اس کے علاوہ آپ کسی اچھے انسٹیٹیوٹ یا یونیورسٹی سے بھی یہ کورسز کرسکتے ہیں۔

گرافک ڈیزائننگ

اگر آپ خوبصورتی کے دلدادہ اورڈیزائننگ کے شوقین ہیں تو گرافک ڈیزائننگ کورسز سے متعلق سوچیں۔ جدید سافٹ وئیر کی آمد نے گرافک ڈیزائننگ کے شعبے کو بہت پُر کشش اور دلچسپ بنا دیا ہے، اب کسی بھی ڈیزائن کو اپنی مرضی کے مطابق تخلیق کیا جاسکتا ہے۔ اس فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں میں اضافے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کسی قریبی اور اچھے آئی ٹی انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لیا جائے۔ مختلف ادارے مختلف مدت کے لیے گرافک ڈیزائننگ کورس کرواتے ہیں۔ اگر آپ آن لائن کورسز کے ذریعے گرافکس ڈیزائننگ سیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تویوٹیوب پر گرافک ڈیزائننگ سے متعلق اردواور انگلش میں بہت سے ٹیوٹوریل موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے آپ کم مدت میں بہترین گرافکس ڈیزائنر بن سکتے ہیں۔

ویب ڈیزائننگ

گرافک ڈیزائننگ کی طرح ایک کورس ویب ڈیزائننگ کا ہے۔ میٹرک یا انٹر کے بعد ویب ڈیزائننگ کا کورس آپ کے کیریئر کو مضبوط بنیاد فراہم کرسکتا ہے، بس تھوڑا سا شوق اور انگلش زبان پر عبور ہونا چاہیے۔ وہ طالب علم جو کسی وجہ سے میٹرک یا ایف اے کے بعد تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے یا تعلیم کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم کام بھی کرنا چاہتے ہیں یا کچھ ایسے افراد جنہوں نے ڈگری حاصل کررکھی ہے مگر اپنےشعبے میں روزگار کے مواقع نہیں ہیں، تو ایسے تمام افراد کو چاہیے کہ ویب یا گرافکس ڈیزائننگ کا کورس کرلیں کیونکہ اس میں ان کو معقول آمدنی ہوسکتی ہے۔ ملک کے بیشتر اداروں میں ویب سائٹ اور گرافک ڈیزائننگ کے کورس کروائے جاتے ہیں۔ اگر اپ اخراجات برداشت کرسکتے ہیں تو کسی بھی اچھے کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ لے کر ایک اچھے مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ دوسری صورت میں انٹرنیٹ سے بھی استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

ڈپلومہ ان انجینئرنگ

اگر آپ میٹرک میں سائنس اور میتھس کے اچھے اسٹوڈنٹ رہے ہیں اور گریجویشن کرنے کے بجائے ڈپلومہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیںتو یہ خیال بھی خاصا سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں نامورکالجز میٹرک کے بعد طلبہ و طالبات کے لیے انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات میں ڈپلومہ کورسز آفر کرتے ہیں مثلاً آرکیٹیکچر ٹیکنالوجی، کیمیکل ٹیکنالوجی، سول ٹیکنالوجی، کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹریکل ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی وغیرہ۔ ان ڈپلومہ کورسز کی مدت3سال بھی ہوتی ہے اور کچھ کی 4سال بھی۔ لیکن اس فیلڈ میں کیریئر بنانے کے لیے ہم آپ کو صرف ڈپلومہ ہی نہیں بلکہ آگے بھی پڑھائی جاری رکھنے کا مشورہ دیں گئے کیونکہ ملک کے 60فیصد انجینئرز اس فیلڈ میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ڈپلومہ کورسز کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

چارٹرڈ اکاؤنٹینسی

چارٹرڈ اکاؤنٹینٹسی ہمیشہ سے ڈیمانڈنگ پیشہ رہا ہے اور مستقبل کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ یہ کوئی ڈپلومہ یا شارٹ کورس نہیں ہے بلکہ باقاعدہ ایک سرٹیفیکیشن ہے، جسے بین الاقوامی سطح پربھی مانا جاتا ہے۔ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ کی حیثیت کسی بھی ڈگری ہولڈر کے مساوی تسلیم کی جاتی ہے بلکہ روزگار کے حصول میں انہیں دوسروں پر فوقیت دی جاتی ہے۔ سائنس اور کامرس میں انٹر کرنے والے طلباء و طالبات اس کورس میں داخلے کے اہل ہوسکتے ہیں۔ پاکستان کے بیشتر انسٹیٹیوٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات کے علاوہ نان گریجویٹ طالب علموں کو بھی چارٹرڈ اکاؤنٹینسی کا کورس کرواتے ہیں۔ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ کی نان گریجویٹ کیٹیگری میں داخلے کیلئےطالب علموں کو پہلے میلانِ طبع کا امتحان کامیاب کرنا ہوتا ہے، جس کے بعد انھیں بیسک اکاؤنٹینسی کورس (BAC) یا فل ٹائم فاؤنڈیشن کورس (FTFC) میں داخلہ مل جاتا ہے۔ دو سالہ نصاب مکمل ہونے پر یہ افراد فاؤنڈیشن امتحان میں شرکت کے اہل ہوجاتے ہیں۔ فاؤنڈیشن امتحان کے پاس کرنے کے بعد سے لے کر چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ بننے تک کے تمام مراحل وہی بیان کیے جاتے ہیں، جو گریجویشن کرکے آنے والے طلبہ وطالبات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین