اسلام آباد: بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مشیر سید فیروز عالم شاہ نے جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی کی پاکستان میں انجام دی گئی سفارتی، تجارتی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی متحرک اور وژنری قیادت نے پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہتوں سے روشناس کروایا ہے۔
سید فیروز عالم شاہ کے مطابق اکاماتسو شوئیچی نے نہ صرف دونوں حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ دیا بلکہ جاپان کے نجی شعبے اور صنعتی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے روشناس کروانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کی سرپرستی میں مختلف اعلیٰ سطح اجلاس، معاشی فورمز اور باہمی مشاورتی نشستیں ہوئیں جن کے نتیجے میں خصوصی اقتصادی زونز، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، زراعت، انجینئرنگ اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے دروازے کھلے۔
مشیر سرمایہ کاری نے جاپانی سفارتخانے کی جانب سے تعلیم، صحت، انسانی وسائل کی ترقی، نوجوانوں کی تربیت اور اسکالرشپ پروگراموں کو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت کا یہ طرزِ عمل پاکستان کے لیے قابل تقلید مثال ہے، جو پاکستان میں ہنر مندی، روزگار، اور خود انحصاری کو فروغ دے رہا ہے۔
سید فیروز عالم شاہ نے امید ظاہر کی کہ اکاماتسو شوئیچی جیسے بصیرت افروز سفیروں کی موجودگی میں پاکستان اور جاپان کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور جاپانی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت میں ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گی۔
آخر میں انہوں نے جاپانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان ہمیشہ پاکستان کا بااعتماد ترقیاتی شراکت دار رہا ہے، اور اس دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سفیر اکاماتسو شوئیچی کی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔