• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر کے مریضںوں کیلئے 8 بہترین پھل

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے شوگر کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے اور خوراک اسے کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پھل قدرتی طور پر ہی میٹھے ہوتے ہیں لیکن پھر بھی بہت سے پھل ایسے بھی ہیں جو خون میں گلوکوز کی سطح میں زیادہ اضافہ نہیں کرتے۔

ماہرین صحت کے مطابق درج ذیل 8 پھل ایسے ہیں جو ناصرف مزیدار اور غذائیت سے بھرپور ہیں بلکہ عام طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے استعمال کے لیے محفوظ بھی ہیں۔

1- بلیک بیریز

بلیک بیریز کا گلیسیمک انڈیکس41 ہے، یہ ایک فائبر سے بھرپور پھل ہے جو اپنی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے، اس میں میٹھے ذائقے کے باوجود چینی نسبتاً کم ہوتی ہے جو انہیں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مناسب انتخاب بناتی ہے۔

2- کیوی

اس سبز رنگ کے پھل کا گلیسیمک انڈیکس 36 ہے، اسے چھلکے کے ساتھ استعمال کرنے پر خاص طور پر فائدہ مند سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے چھلکے میں فائبر زیادہ ہوتا ہے، کیوی وٹامن سی کی فراہم کرنے کے لیے بہت بہترین ہے۔

3 - آڑو

آڑو کا گلیسیمک انڈیکس 38 ہے اور اس میں موجود فائبر مواد کی وجہ سے اسے ہاضمے کو بہتر بنانے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے اور اس کی شوگر کو جذب کرنے کے عمل کو سست کرنے کی صلاحیت اسے ذیابیطس کے لیے موزوں پھل بناتی ہے۔

4 - انناس

انناس گلیسیمک انڈیکس 40 ہے، اس میں شوگر کی مقدار معتدل ہے جس کی وجہ سے یہ ایک تازگی بخش علاج ہو سکتا ہے، تاہم ماہرین غذائیت انناس کے جوس سے احتیاط کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔

ماہرینِ غذائیت انناس کے فائبر کو برقرار رکھنے اور شوگر کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ذیابیطس کے مریضوں کو اس کا جوس پینے کے بجائے اسے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

5 - تربوز

تربوز کا گلیسیمک انڈیکس 42 ہوتا ہے اور یہ پانی کی مقدار، اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن اے اور سی سے بھرپور ہوتا ہے۔

گرمیوں کے مہینوں میں لوگ اکثر اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ذیابیطس کے مریض بھی اسے محفوظ طریقے سے معمولی مقدار میں کھا سکتے ہیں۔

6 - چیری

چیری کا گلیسیمک انڈیکس 53 ہے، اس میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں اور دماغی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ اسے عموماََ کم مقدار میں کھایا جاتا ہے، یہ عام طور پر خون میں شوگر کو زیادہ نہیں بڑھاتی۔

7 - چکوترا

چکوترا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہترین پھلوں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کا گلیسیمک انڈیکس صرف 20 ہے۔ یہ سوزش کو کم کرنے کی خصوصیات کے لیے جانا جاتا ہے اور اگر اسے متوازن غذا کے طور پر خوراک میں شامل کیا جائے تو انسولین کی حساسیت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

8 - پپیتا

پپیتے کا گلیسیمک انڈیکس 72 ہے جو کہ نسبتاََ زیادہ ہے، اس میں شوگر کی مقدار کم اور پانی کی مقدار زیادہ ہے اس لیے اسے ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مناسب سمجھا جاتا ہے بشرطیکہ اسے بہت محدود مقدار میں کھایا جائے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید