• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی قومی و صوبائی اسمبلی پر پی ٹی آئی، پشاور سے اے این پی کامیاب

ضمنی الیکشن 2018ء کے دوسرے مرحلے میں قومی اسمبلی کے حلقے 247 کراچی ساوتھ  اورسندھ اسمبلی کے حلقے 111 کراچی  تحریک انصاف نے جیت لی، خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے 71 کی نشست عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے نام رہی ۔

آج جن تین حلقوں پر الیکشن ہوئے ان تمام پر جنرل الیکشن میں تحریک انصاف کامیاب رہی تھی ،این اے 247 سے موجودہ صدر عارف علوی ،پی ایس 111 سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور کے پی 71 سے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھاری مارجن سے جیتے تھے ۔

آج ہونے والے الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست پر تحریک انصاف نے اپنی سبقت برقرار رکھی ،این اے 247 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کے آفتاب حسین 32455 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ کے صادق افتخار 14026 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلز پارٹی کے قیصر خان نظامانی 13360 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

پی ایس 111 کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف شہزاد قریشی نے 12455 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، ان کے مقابل پیپلز پارٹی کے فیاض پیرزادہ 6292 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور متحدہ قومی موومنٹ کے ڈاکٹر جہانزیب مغل 2217 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

پی کے 71 پشاور کے مجموعی طور پر 86 پولنگ اسٹیشنزکا غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔

اے این پی امیدوار صلاح الدین 11416 ووٹ لے کرجیت گئے ہیں جبکہ گورنر شاہ فرمان کے بھائی اور پی ٹی آئی امیدوار ذوالفقار خان 1004 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے 2حلقوں میں پرامن انداز میں ضمنی انتخابات ہوئے ،پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی ،الیکشن کمیشن ووٹنگ کے دورانیے میں اضافہ کا فیصلہ نہیں کیا ،تاہم شام 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود لوگوں کو ہی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت تھی۔

ووٹنگ کے آغاز سے قبل پولنگ عملہ تاخیر سے پہنچنے کی شکایات تھیں ،کراچی اور پشاور کے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا۔

پولیس اسٹیشنز کی سیکیورٹی پر پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی مامور ہیں ،پورے دن پولنگ کا عمل پرامن طور پر جاری رہا ۔


تازہ ترین