کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سپریم کورٹ میں دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم کے 20رکنی اعلامیہ کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان زرعی ٹیکس نافذ کرانے کے لئے کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم کی قراردادوں پر عمل کرانے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم پاکستان اپنے منشور میں زرعی ٹیکس کامطالبہ کرتی رہی ہے ، ملک اس وقت جس معاشی بحران کا شکار ہے اور عوام مہنگائی کے بو ج تلے دبے جا رہے ہیں ایسی صورتحال میں زرعی ٹیکس کے نفاذ کرنے اور اسے وصول کرنے سے ملک کو مالی بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی،رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پانی کے مسئلے کے لئے درست سمت میں کام کیا جا رہا ہے ڈیمز کی تعمیر بھی وقت کی ضرورت ہے لیکن ملک کے معاشی حب کراچی میں پانی اسوقت بھی نایاب ہے ، جس سے نمٹنے کے لئے بلدیاتی اداروں کو بھی اختیارات دیئے جائیں ، میئر کے پاس تمام لوکل محکمے اور اداروں کا کنٹرول دینے کے لئے سپریم کورٹ آئین کی شق 140-Aپر عمل کرائے تو مسائل بہتر انداز میں حل ہوں گے،اسی طرح چیف جسٹس آف پاکستان جس طرح پانی اور دیگر مسائل پر کام کررہے ہیں وہ کراچی کی درست مردم شماری نا ہونے کا بھی نوٹس لیں۔