ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ جنگ) ڈیرہ اسماعیل خان کی ظفرآبادکالونی میں موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ نمبرIIکے نائب کورٹ کو شہید کر دیا،محمد ندیم کو ڈیوٹی پر جانے کےدوران نشانہ بنایاگیا، شہید اہلکار سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک۔ تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں دونامعلوم موٹرسائیکل سوار افرادنے گھر سے ڈیوٹی پرجانے والے جوڈیشل مجسٹریٹ نمبرIIکے نائب کورٹ حوالدار محمدندیم ولد سلیم نوازسکنہ ظفرآبادپرمحمدی مسجد کے قریب فائرنگ کردی، فائرنگ سے حوالدارمحمدندیم موقع پر شہید ہوگیا۔ شہیدمحمدندیم تھانہ کینٹ میں ڈی ایف سی کے عہدے پر بھی کام کر چکے تھے، واقعے کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ ظہوربابرآفریدی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اورواقعے کی تفتیش شروع کر دی ۔بعدازاں پولیس لائن میں شہیدنائب کورٹ حوالدار محمد ندیم کی نمازجنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ اداکی گئی جس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر راؤ عمران سرتاج، ڈی پی اوظہور بابر آفریدی اور ڈی سی نعمان افضل آفریدی سمیت دیگرحکام نے شرکت کی۔