• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سب نے دیکھا حمزہ شہباز نے6ارکان کو حملے کیلئے اشارے کیے‘‘

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ ثبوت دینے کی ضرورت نہیں سب نے دیکھا کہ حمزہ شہباز نے ان 6ارکان کو حملہ کرنے کے لیے اشارے کیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کم از کم 8بار سیکریٹری صاحب کی ٹیبل الٹنے کی کوشش کی گئی، اگر میری بات غلط ثابت ہو تو میں پوری قوم سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ان پر باسٹھ تریسٹھ کےساتھ چونسٹھ اور پینسٹھ بھی لگنی چاہیے،حمزہ شہباز صاحب یہاں آکر ہمیں اخلاقیات کا درس دیتے ہیں،وہ اپنے ممبران کو بھی درس دیں کہ اسمبلی میں جائیں،یہ لوگ اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی من پسند ویڈیو بنا کر لے آئیں تو کیا کہہ سکتا ہوں۔

فیاض چوہان نے مزید کہا کہ میڈیا سمیت سب نے دیکھا کہ پنجاب اسمبلی میں اس روز کیا ہوا،16اکتوبر کو ہنگامہ آرائی پر12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، موسم ٹھنڈا ہوتا ہے تو حمزہ احتجاج میں آجاتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ نون لیگ کی اخلاقیات کا عالم یہ ہے کہ ڈھائی ہزار روپے کیلئے حاضریاں لگا رہے ہیں، میں حمزہ شہباز سے درخواست کرتا ہوں کہ ارکان سمیت اجلاس میں شریک ہوں۔

تازہ ترین