اوکاڑہ( وارث حیدری )متحدہ مجلس عمل و جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی طرف سے بلائی جانے والی اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے پارٹی کا مشاورتی اجلاس آج ہفتہ کو طلب کر لیا ہے جس میں ن لیگ کی مرکزی و صوبائی قیادت شرکت کرے گی۔ن لیگ پنجاب کے قائم مقام صدر و سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے اوکاڑہ میں نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں شرکت کے بعد ن لیگی راہنما منظور احمد سپرا کے ہمراہ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں مسلم لیگ ن کے وفد کی شرکت تو ضرور ہو گی تاہم میاں نوازشریف کی اس کانفرنس میں شرکت کیلئے آج مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ ذاتی دشمنی کے لبادے کے ساتھ چل رہے ہیں۔