• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری عوام، مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

آج کے دن ہر سال کشمیری اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر میں استصوابِ رائے کا وعدہ پورے کرنے کی یاد دلاتے ہیں۔


پاکستان کے طول و عرض، یورپ اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں کشمیری مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے، معصوم اور نہتے کشمیریوں پر درندہ صفت بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

بھارت کے ظالمانہ رویے کے خلاف کشمیری عوام گزشتہ 70 برسوں سے سراپائے احتجاج ہیں۔

جدو جہد آزادی میں اب تک لاکھوں کشمیری نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، لاتعداد لوگ معذور ہوئے، ہزاروں عورتوں کی آبروریزی کی گئی اور لاکھوں خواتین بیوہ ہوئیں۔

اقوام متحدہ اور عالمی بے حسی کا عکاس مسئلہ کشمیر اب ایک آتش فشاں کی شکل اختیار کر چکا ہے،27 اکتوبر کو دنیا میں بسنے والے کشمیری یوم سیاہ منا کر عہد کرتے ہیں کہ وہ بھارت کا مکروہ، سیاہ اور بھیانک چہرہ اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔

آزادکشمیرکے شہر میرپور یوم سیاہ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں، جن میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکن، تاجر، وکلاء اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی، ریلی کے شرکاء نے بھارتی غاصب فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔

میاں محمدروڈ، پریس کلب روڈ، اقبال روڈ اور چوک شہیداں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں بھی جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کیا گیا، لنڈی کوتل بازار میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں اور قبائلی عمائدین نے لنڈی کوتل بازار سے پریس کلب تک مارچ کیا۔

تازہ ترین