اسرائیلی طیارے کی سوشل میڈیا پر افواہوں کے سارے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نےکہا ہےکہ کسی اسرائیلی طیارے کی پاکستان کے کسی ائرپورٹ پرآمد کی افواہ میں صداقت نہیں۔
25 اکتوبر کو ایوی شار نامی ایک اسرائیلی صحافی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ایک اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا، تاہم وہ طیارہ دارالحکومت تل ابیب سے براہ راست اسلام آباد نہیں پہنچا بلکہ طیارے کے پائلٹ نے چالاکی کرتے ہوئے پہلے اسے 5 منٹ کے لیے عمان میں لینڈ کروایا اور پھر وہاں سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری۔
اسرائیلی صحافی کےٹوئیٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں اور افواہوں کا ایک سیلاب امنڈ آیا۔
سابق وزیر داخلہ اور لیگی رہنما احسن اقبال نے بھی اپنے پیغام میں حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کر ڈالا جس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ان کے جواب میں لکھا کہ حقیقی صورتحال یہ ہے کہ عمران خان، نواز شریف ہے اور نہ اس کی کابینہ میں آپ جیسے جعلی ارسطو۔ ہم نہ مودی جی سے خفیہ مذاکرات کریں گے اور نہ اسرائیل سے۔
سول ایوی ایشن نے بھی اب اس بات کی تردیدکر دی کہ ایسا کوئی طیارہ پاکستان بھی آیا تھا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ایسا کوئی طیارہ پاکستان کے کسی بھی ائرپورٹ پر نہیں اترا ۔