• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبر سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا، کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ضلع بھر میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سرکاری محکموں نے یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد جہاں جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کی ان گنت قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے وہاں اقوام عالم کو احساس دلانا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی ناکامی کا ایسا ثبوت ہے جس پر انسانیت کا درس دینے والی تمام قوموں کو آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبر سے کشمیریوں کے حق خو دارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کمشنر راولپنڈی کی ہدیات پر ضلع بھر کی نمایاں جگہوں پر یوم سیاہ کے حوالے سے بینرز لگوائے گئے اور ریلیوں کے علاوہ سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے بھی یوم سیاہ کی مناسبت سے تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے، خصوصی پروگرام، واکس منعقد کروائی گئیں۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف کی جانب سے شہدائے کشمیر کیلئے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی کروائی گئی۔ میٹرو بس اتھارٹی نے میٹروبس کے تمام اسٹیشنوں اور ٹریک پر بینرز اور سٹیمرز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر سے متعلق ملی نغمے ایل ای ڈیز پر ڈسپلے کئے۔ تمام تعلیمی اداروں اور ہیلتھ سنٹرز کے باہر کالا جھنڈا لہرانے کے علاوہ تمام سرکاری افسران و اہلکاروں نے اپنے بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھیں۔ تقاریب میں کہا گیا کہ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھائی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر خطے میں امن کا تصور بھی ناممکن ہے۔
تازہ ترین