لاہور (نمائندہ جنگ )سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر اتوار کے روز بھی سائلین کا رش لگا رہا۔ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین ریلی کی صورت میں سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر پہنچےاور سوسائٹی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ متاثرین نے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے معاملے پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ کئی بار وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج کر چکے ہیں مگر شنوائی نہیں ہوئی ۔متاثرین نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کی نیب سے پلی بارگین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔