اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے بنی گالہ میں بغیر اجازت تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے بنی گالہ کی تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کو مزید مہلت دینے سے متعلق استدعا مسترد کردی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو سب سے پہلے اپنے بنی گالاکے گھرکوریگولرائز کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج منگل تک ملتوی کردی ‘چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ و زیراعظم عمران خان آ ج ہی فیصلہ کر کے اپنے گھر کا جرمانہ ادا کریںاگر بغیر اجازت تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ آ ج نہیں ہوتا تو وزیراعظم خود عدالت میں آکر وضاحت پیش کریں‘انہوںنے کہا کہ سی ڈی اے پاکستان کے بدعنوان ترین اداروں میں سے ایک ہے، لگتا ہے چیئرمین سی ڈی اے ادارہ چلانے کے قابل ہی نہیں،میں سمجھتا تھا سی ڈی اے اچھا ادارہ ہو گا ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بنی گالہ کے علاقہ میں کی جانے والی بغیر اجازت تعمیرات کو ریگولر کرنے کے لئے عدالت کے حکم پر تشکیل دی گئی کمیٹی اس حوالے سے کام کر رہی ہے اس لئے جمعہ تک مزیدمہلت دی جائے، جس پر چیف جسٹس نے عدالتی حکم پرعملدرآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی آج ہی جرمانے کا تعین کرے۔