لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ غیر جمہوری اور آمریت کی سوچ رکھنے والی جماعتوں نے جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، جمہوریت کی راہ میں اصل رکاوٹ خاندانوں ، لسانیت اور شخصیات کے گرد گھومنے والی جماعتیں ہیں۔ملک میں حقیقی جمہوریت کے لیے افراد کے بجائے جمہوری اداروں کااستحکام ضروری ہے ۔ جمہوریت کی راہ میں اصل رکاوٹ خاندانوں ، لسانیت اور شخصیات کے گرد گھومنے والی جماعتیں ہیں ۔سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لاناہوگی ۔ جب تک شخصیات کی بجائے ادارے مضبوط نہیں ہوں گے ، ملکی معاملات کو صحیح ڈگر پر نہیں لایا جاسکتا ۔ملک کی سیاست وراثت کی ڈگر پر چل رہی ہے ۔نومنتخب امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم کی قیادت میں وفد سے منصورہ میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سیاسی جماعتوں پر چند خاندانوں کے تسلط نے ملک میں سیاسی و جمہوری کلچر کو پروان نہیں چڑھنے دیا ۔ ان سیاسی جماعتوں میں غریب کارکنوں کو آگے آنے کا موقع نہیں ملتا اور سیاسی ورکر ساری عمر اسی دائرے میں گھومنے پر مجبور رہتاہے ۔