سیب کی افادیت سے متعلق ایک کہاوت تو سبھی جانتے ہیں، ’’ روزانہ ایک سیب کا استعمال ڈاکٹر سے دوررکھتا ہے‘‘۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سیب کے علاوہ اس کا سرکہ بھی ان تمام اہم معدنیات اور وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے، جو سیب کا اصل خاصہ ہیں۔ اسی لیے مختلف پھلوں سے تیار کیےجانے والے سرکوں میں سیب کےسرکہ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس میں انسانی جسم کے لیے بہت ضروری اجزاء مثلاً پوٹاشیم، وٹامن ڈی اور وٹامن سی موجود ہوتے ہیں، ساتھ ہی یہ سرکہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی مالا مال ہوتا ہے۔ سفید سرکہ کا استعمال تو عام طور پر گھروں میں کیا ہی جاتا ہے مگر سیب کے سرکہ کی افادیت کے باعث اب اکثر گھروں میں اس کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے۔
شوگر اور بلڈ پریشر کیلئے فائدہ مند
ڈائیبٹک جنرل کی رپورٹ میں شائع شدہ تحقیق بتاتی ہے کہ ذیابطیس ٹائپ ٹو کے مریضوں کے لیے سیب کا سرکہ فائدہ مند ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مریض روزانہ رات کو سونے سے پہلے1سے 2چمچ سیب کا سرکہ استعمال کریں تو ان کے خون میں شوگر کی مقدار متوازن ہوجاتی ہے۔ سرکہ کا ترش ذائقہ جسم کو بلڈ گلوکوز لیول کنٹرول کرنے میں مدد دیتاہے، اس سے جسمانی وزن کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جبکہ دوران خون بھی بہتر ہوتا ہے۔یہی نہیں، سیب کا سرکہ کولیسٹرول کم کرنے کے لیے بھی کافی مفیدہے۔
کینسر کے خلا ف مزاحمت
اے پی جان انسٹیٹیوٹ فار کینسر ریسرچ کے تحت سیب کے سرکہ کو کینسر کے مریضوں کے لئے مفید قرار دیا چکا ہے ۔ سرکے میں استعمال ہونے والے اجزاءکچھ اقسام کے کینسر کے خلیات کو پھیلنے سے روکنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ تحقیقی مطالعہ کے مطابق سیب کا سرکہ کینسر سمیت انفیکشن، بیکٹریا کے خلاف لڑنے اور میٹابولزم میں بہتری لانے کے لیے فائدہ مند ہے۔
جوڑوں کا درد
ماہرین کے مطابق ٹانگوں کے درد خاص طور پر جوڑوں کے درد میں سیب کا سرکہ بے حد مفید ہے ۔ٹانگوں کے درد میں جلد افاقے کے لیے دو چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس نیم گرم پانی میں شامل کرکے دن میں دو مرتبہ پیا جاسکتا ہے۔ اس میں موجود الکلائن خون میں شامل یورک ایسڈ کے کرسٹلز کو ختم کرتا ہے اور اس میں موجود پوٹاشیم، کیلشیم اور دوسرے منرلز درد اور سوزش میں آرام پہنچاتے ہیں۔
وزن کم کرنے میں معاون
سیب کا سرکہ وزن کم کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ یہ چربی بنانے والے خلیوں کا خاتمہ کرتا ہے۔ انٹرنیشنل سروے کے مطابق موٹاپے کا شکار 175افراد کو تین ماہ کےدوران بلا ناغہ سیب کا سرکہ پلایا گیا۔ جن افراد نے1چمچ سیب کا سرکہ استعمال کیا، انھوں نے 2.6پاؤنڈ وزن کم کیا اور جنھوں نے روزانہ 2 چمچ سیب کا سرکہ استعمال کیا، ان کے وزن میں اس عرصے کے دوران 3.7پاؤنڈ کی کمی دیکھنے میں آئی۔
ہا ضمے کے لیے مفید
طبی ماہرین کی رائے کے مطابق شہد کے فوائد سے انکارنہیں کیا جاسکتا۔ سیب کے سرکے کو شہد میں ملا کر پینے سے نظام انہضام پرمثبت اثرات پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ اگرا ن دونوں کو ملا کر صبح کے وقت استعمال کیا جائے تو یہ ہمارے جسم پر بہت زیادہ مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ سیب کے سرکہ کو پانی میں ملا کر استعمال کرنا بدہضمی، قبض یا ہیضے وغیرہ سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
گردے کی پتھری کا اخراج
طبی ماہرین کے مطابق سیب کا سرکہ گردے سے پتھری کے اخراج میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ سیب کے سرکے میں 3طرح کے ایسڈ ہوتے ہیں اور جب یہ جسم میں داخل ہوتے ہیں تو اس کی تاثیر الکلائن یا اساسی ہو جاتی ہے، جو جسم کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اس سرکے میں موجود ایسیٹک ایسڈ گردے سے پتھری کے اخراج کا باعث بنتا ہے۔
انفیکشن کی روک تھام
سرکہ کا استعمال گلے کی تکلیف کو بھی دور کرتا ہے۔ ایک چوتھائی کپ سیب کے سرکے میں چوتھائی کپ گرم پانی ملائیں اور ہر گھنٹے بعد غرارے کریں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گلے میں تکلیف ہورہی ہو تو سیب کے سرکے سے اس انفیکشن کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔ سرکے میں موجود تیزابی خصوصیات کے سامنے بیشتر جراثیم ٹک نہیں پاتے۔
استعمال اور احتیاط
سیب کا سرکہ استعمال کرنے کے منفرد طریقے ہیں۔ آپ اپنی روزمرہ خوراک میں بھی سیب کا سرکہ ڈال کر کھاسکتے ہیںیا اسے سلاد کی ڈریسنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہےجبکہ کچھ لوگ اسے مشروبات یا پانی میں ملا کر پی جاتے ہیں۔ ماہرین آغاز میں سیب کے سرکہ کا زیادہ استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ شروع میں ایک گلاس پانی میں سرکہ کے دو چمچ استعمال کریں اور آہستہ آہستہ مقدار بڑھاتے جائیں۔کیونکہ سرکہ کی بہت زیادہ مقدار بھی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔