مصری شہری نے ایک ساتھ 3 خواتین سے شادی کرنے کی تردید کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری نوجوان کی ایک ساتھ 3 خواتین سے شادی کرنے کی خبر سامنے آنے کے بعد مصر میں سوشل میڈیا سائٹس پر اسے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
عرب میڈیا پر مصر کے فیوم گورنریٹ کے شہری کی انوکھی شادی کی رپورٹ شیئر کی گئی تھی جس میں بیویوں کا نام اسماء، بوسی اور امیرہ بتایا گیا تھا۔
اب اس حوالے سے مصری نوجوان کی تردید اور وضاحت سامنے آئی ہے۔
دُلہا کا کہنا ہے کہ صرف 2 خواتین سے شادی کی جبکہ تیسری خاتون اتفاق سے موقع پر موجود تھی تو وہ بھی ایک ساتھ تصویر میں شامل ہو گئی تھی۔
نوجوان نے کہا ہے کہ تصویر میں موجود تیسری خاتون میری بیوی نہیں ہے۔
مصری شہری احمد عادل نے کہا ہے کہ پہلے ایک خاتون سے شادی ہوئی اور پھر صرف 6 ماہ بعد دوسری شادی کی جو میری پہلی بیوی کی رضامندی سے ہوئی، دوسری شادی کے دن پہلی اہلیہ نے سفید لباس پہن کر میری خوشی میں شرکت کی تھی اور اس طرح دو خوشیاں بن گئیں۔
احمد عادل نے کہا ہے کہ میں نے اپنی پہلی بیوی سے شادی کے 6 ماہ بعد دوسری شادی کی خواہش کے بارے میں بات کی تو اس نے رضا مندی ظاہر کر دی، شادی کی تاریخ طے ہونے تک دونوں خواتین دوست بن گئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر 3 شادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے لوگوں کے تبصروں کی وجہ سے بہت دکھ ہوا، کچھ لوگوں نے شادی کی حقیقت کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور اسے غیر حقیقی قرار دیا تھا، لوگوں نے کہا کہ دُولہا اداکاری کرتے ہیں اور شہرت کی امید رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مذکورہ نوجوان کی ایک ہی دن میں 3 لڑکیوں سے شادی کرنے کی افواہیں سامنے آئی تھیں۔