• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی ریاست، ملک یا قوم کے لئے قومی مفاد سب سےمقدم ہوتا ہے اور ہونا بھی چاہئے کہ قوموں کی صورت گری اور بقا قومی مفاد میں مضمر ہے ، جو قومیں ذاتی، فروعی، علاقائی، لسانی تعصبات اور ایسی دیگر آلائشوں سے ماوراء ہو کر سوچتی اور عمل کرتی ہیں دنیا میں عزت پاتی ہیں۔ پاکستان سردست جن بحرانوں سے دو چار ہے ان کا تقاضا بھی یہی ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر مسا ئل کا سامنا کرے۔ صد شکر کہ اس وقت ملک میں جمہوریت اپنے تیسرے عہد میں داخل ہوچکی ہے اور جوں جوں آگے بڑھے گی مضبوط و ثمربار ہوگی ۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو معاشی مشکلات اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تعاون کی پیشکش کی ہے جس کا تحریک انصاف کی طرف سے خیر مقدم کرنا بھی احسن بات ہے۔ یاد رکھنا چاہئے کہ انتخابی جلسوں اور امور حکومت چلانے میں بڑا فرق ہوتا ہے ۔ سیاست میں کوئی شے حرف آخر نہیں ہوتی سیاست تو نام ہی مسائل کو باہمی گفت و شنید سے حل کئے جانے بلکہ ناممکن کو ممکن بنانے کا ہے۔ آصف زرداری کی قومی اسمبلی میں تقریر بلاشبہ قابل غور ہے، جو ان کی سیاسی بصیرت کی آئینہ دار بھی قرار دی جاسکتی ہے۔ ان کے بیان سے یہ تاثر لینا بھی درست نہیں کہ چونکہ وہ خود ریفرنسز کی زد میں ہیں، اس لئے جس پر جو بھی مقدمات ہیں فیصل ہوکر رہیں گے اور عدلیہ توکسی کو بھی رعایت نہیں دے رہی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا اقدام نہ صرف احسن بلکہ دوسروں کے لئے قابل تقلید ہے کہ معاملہ اس وقت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ہے اور ملک صرف عمران خان کا نہیں ہم سب کا ہے۔ عمران خان کی حکومت آج ہے کل نہیں بھی ہوگی، ملک و قوم تو دائمی ہے ، بہتر ہوگا کہ دیگرپارلیمانی سیاسی جماعتیں بھی پیپلز پارٹی کا سا طرز عمل اپنائیں اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین